Nov ۲۹, ۲۰۲۳ ۱۷:۳۰ Asia/Tehran
  • مقبوضہ فلسطین کی موجودہ ناگفتہ بہ صورتحال، صیہونی حکومت کے غاصبانہ قبضے کا براہ راست نتیجہ ہے: ایران

اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب نے کہا ہے کہ فلسطینیوں کے مسملہ حقوق کی کمیٹی ( سی ، ای ، آئی ، آر ، پی ، پی ) کے مطابق مقبوضہ فلسطین کی موجودہ ناگفتہ بہ صورتحال، صیہونی حکومت کے غاصبانہ قبضے کا براہ راست نتیجہ ہے۔

سحر نیوز/ ایران: اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب امیر سعید ایروانی نے اقوام متحدہ میں منگل کی شام کو فلسطین کے بارے میں اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ غاصب اسرائیلی حکومت کو اپنے وعدوں کو عملی جامہ پہنانے، غزہ کا محاصرہ اور قبضے کو ختم کرنے اور آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کرنے پر مجبور کرنا ہوگا اور اس تناظر میں اقوام متحدہ میں فلسطین کی مکمل رکنیت کو قبول کرنا اولین ترجیح ہوگی۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے اعلیٰ سفارت کار نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ صیہونی آبادکار فلسطینی عوام، بشمول بچوں کو نشانہ بناتے ہیں مزید کہا کہ بین الاقوامی قانون کے مطابق ایسے مسلح آبادکار، جو صیہونی مسلح افواج کی حمایت سے لڑائیوں میں براہ راست مداخلت کرتے ہیں ان کو انسانی حقوق کا تحفظ یافتہ شہری نہیں سمجھا جا سکتا۔

اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر نے کہا کہ ایران کا خیال ہے کہ فلسطینیوں کے حق خود ارادیت سمیت ان کے ناقابل تردید حقوق کو نظر انداز کرتے ہوئے، اپنے دفاع، کے بہانے فلسطینی عوام کے خلاف جرائم کو جواز فراہم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جبکہ غاصبوں کے لئے اس کا کوئی قانونی جواز نہیں ہے۔

امیر سعید ایروانی نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ اسرائیلی حکومت کو اب مزید اس کے جرائم سے استثنیٰ حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی انیس سو پچھہتر کی اپنی قرارداد تینتیس اناسی کا احیا کرے کہ جس میں صیہونیت کو نسل پرستی اور امتیازی سلوک کی ایک شکل قرار دیا گیا ہے-

ایران کے مستقل مندوب نے کہا کہ ایران اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ امن کی ضمانت کا حل صرف قبضے کے خاتمے، فلسطینی پناہ گزینوں کی اپنی سرزمین پر واپسی اور حق خود ارادیت سے بہرہ مند ہونے میں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ فی الحال، ہم سمجھتے ہیں کہ سب سے اہم اور ضروری ترجیح غزہ میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر جنگ بندی کی مدت میں اضافہ کرنا اور اسے دائمی جنگ بندی میں تبدیل کرنا اور اس خطے میں انسانی امداد بھیجنا ہے۔

ٹیگس