Dec ۰۹, ۲۰۲۳ ۰۹:۳۸ Asia/Tehran
  • حماس اور جہاد اسلامی کے سربراہوں سے ایران کے وزیر خارجہ کا ٹیلیفونی تبادلہ خیال

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے حماس اور جہاد اسلامی کے سربراہوں کو بتایا ہے کہ ماسکو میں ایران اور روس کے صدور کے درمیان غزہ اور فلسطین کے بارے میں اہم مذاکرات ہوئے ہیں۔

سحرنیوز/ایران: ایران کے وزیر خارجہ حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ سے ٹیلیفونی گفتگو میں انہیں غاصب صیہونی حکومت کے وحشیانہ جنگی جرائم اور غزہ کے مظلوم شہریوں کا قتل عام رکوانے نیز فلسطین کی حمایت میں اسلامی جمہوریہ ایران نیز دیگر اسلامی اور عرب ملکوں کے تازہ سفارتی اقدامات سے باخبر کیا۔ انہوں نے اسماعیل ہنیہ کو بتایا کہ دورہ ماسکو میں روسی صدر کے ساتھ صدر ایران کے مذاکرات کا اہم ترین موضوع فلسطین تھا اور دونوں صدور کے درمیان غزہ اور فلسطین کے بارے میں بہت اہم مذاکرات ہوئے ہیں۔ حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے ایران کے وزیر خارجہ کے ساتھ اس ٹیلیفونی گفتگو میں فلسطین کی حمایت میں اسلامی جمہوریہ ایران کے موقف اور غزہ پر حملے نیز صیہونیوں کے جرائم رکوانے کےلئے تہران کی سفارتی کوششوں کا شکریہ ادا کیا اور غزہ کی تازہ ترین صورتحال بیان کی۔ اسماعیل ہنیہ نے کہا کہ صیہونیوں کے جرائم اور فلسطین پر قبضہ جاری رہنے تک، خدا کی نصرت سے استقامت جاری رہے گی۔ ایران کے وزیر خارجہ نے جہاد اسلامی فلسطین کے سیکریٹری جنرل زیاد االنخالہ کے ساتھ ٹیلیفونی گفتگو میں بھی فلسطین کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ ایران کے وزیر خارجہ نے زیاد النخالہ کو بھی بتایا کہ دورہ ماسکو میں اسلامی جمہوریہ ایران اور روس کے صدور کی ملاقات میں مذاکرات کا ایک بنیادی اور اہم ترین موضوع غزہ اور فلسطین تھا۔جہاد اسلامی فلسطین کے سیکریٹری جنرل نے اس ٹیلیفونی گفتگو میں فلسطین کی حمایت میں اسلامی جمہوریہ ایران کی سفارتی کوششوں کا شکریہ ادا کیا اور غزہ کی تازہ ترین صورتحال کی رپورٹ پیش کی اور کہا کہ استقامتی محاذ غزہ کے مظلوم عوام کے دفاع میں غاصب صیہونی حکومت کی فوج کے مقابلے میں ڈٹا ہوا ہے اور استقامت جاری رکھے گا۔

ٹیگس