Dec ۰۹, ۲۰۲۳ ۱۵:۱۳ Asia/Tehran
  • غزہ میں عام شہریوں منجملہ بچوں اور عورتوں کے قتل عام کا ذمہ دار امریکہ ہے: ایران

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ امریکی حکومت نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ غزہ میں عام شہریوں منجملہ بچوں اور عورتوں کے قتل عام اور غزہ میں بنیادی اور شہری تنصیبات کی تباہی کی ذمہ دار، وہی ہے۔

سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے غزہ میں انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کی قرارداد کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں امریکہ کی جانب سے ویٹو کئے جانے کی مذمت کی اور کہا کہ امریکی حکومت نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ غزہ میں عام شہریوں منجملہ بچوں اور عورتوں کے قتل عام اور غزہ میں بنیادی اور شہری تنصیبات کی تباہی کی ذمہ دار وہی ہے۔

انھوں نے کہا کہ غزہ کے خلاف وحشیانہ جارحیت کے آغاز سے ہی امریکہ نے غاصب اور نسل پرست صیہونی حکومت کی بھرپور حمایت کر کے اس کے غیر انسانی جرائم میں برابر کا شریک ہونے کا ثبوت پیش کیا اور وہی فلسطینیوں کی نسل کشی کی ذمہ دار بھی ہے۔

ناصر کنعانی نے کہا کہ امریکی حکومت نے غاصب صیہونی حکومت کی کسی بھی طرح کی مدد و حمایت کرنے سے گریز نہیں کیا اور عام شہریوں کے خلاف وحشیانہ جرائم کے ارتکاب میں بھی اس کے ساتھ کھڑی رہی۔ انھوں نے کہا کہ نسل پرست و غاصب صیہونی حکومت کے ہاتھوں اٹھارہ ہزار فلسطینیوں کے قتل عام کے جرم میں کہ جس میں آٹھ ہزار صرف بچے شامل ہیں، امریکہ برابر کا شریک ہے اور اس پر ان جرائم کے ارتکاب کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔

ٹیگس