کرمان کے دہشت گردانہ حملوں کا جواب ہماری مسلح افواج ضرور دیں گی: صدر ایران
سید ابراہیم رئیسی نے کہا ہے کہ حق کی کامیابی اور باطل کی نابودی وعدۂ الہٰی ہے۔
سحر نیوز/ ایران: کرمان میں مصلائے امام علی میں شہدا کی تشییع جنازہ کے موقع پر بڑی تعداد میں موجود سوگواروں سے خطاب کرتے ہوئے صدر رئیسی نے کہا کہ دشمن نے اسلامی جمہوریہ ایران کی طاقت کو دیکھا ہے اور اس نے بارہا تجربہ بھی کیا ہے اور اس سانحے کے بارے میں بھی ہم ایرانی قوم کو یہ یقین دلاتے ہيں کہ دشمن ہمیشہ ہماری طاقت دیکھے گا۔
صدر رئیسی نے بڑے واضح الفاظ میں کہا کہ کرمان کے دہشت گردانہ حملوں کا جواب ہماری مسلح افواج ضرور دیں گی اور اس کے لئے وقت اور جگہ کا تعین بھی ایران کی مسلح افواج ہی کریں گی ۔
صدر سید ابراہیم رئیسی نے کہا کہ حق کی کامیابی اور باطل کی نابودی وعدۂ الہٰی ہے اور ہم جانتے ہيں کہ طوفان الاقصیٰ کے خاتمے کے ساتھ ہی صیہونی حکومت کا بھی خاتمہ ہوجائے گا۔ انہوں نے شہید جنرل قاسم سلیمانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید قاسم سلیمانی، ان کے نام، ان کی تصویر اور ان کے زائرین سے دشمنوں کے بغض و عداوت کی وجہ واضح ہے کیونکہ الحاج قاسم نے دشمنوں کے منصوبے کے برخلاف بہت ہی عظیم کارنامہ انجام دیا تھا۔