الاقصی جنگ کا فاتح فلسطین اور شکست صیہونی حکومت اور اس کے حامیوں کا مقدر: صدر ایران
ایران کے صدر نے طوفان الاقصی بین الاقوامی کانفرنس میں کہا ہے کہ فلسطین، عالم انسانیت کا پہلا مسئلہ ہے۔
سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے تہران میں اتوار کو طوفان الاقصی اور انسانی ضمیر کی بیداری کے زیرعنوان ہونے والی پہلی بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بانی انقلاب اسلامی امام خمینی رح نے فرمایا ہے کہ فلسطین عالم اسلام کا سب سے بڑا مسئلہ ہے اور بیت المقدس کی آزادی عالم اسلام کی ترجیحات میں سے ہے اور یہ کانفرنس عالم اسلام کے سب سے اہم مسئلے یعنی مسئلہ فلسطین پرغور کرنے کے لئے منعقد ہوئی ہے۔
صدر ایران نے مسئلہ فلسطین کا راہ حل استقامت و پائیداری کو قرار دیا اورکہا کہ اگرظالم گروہ، مذاکرات کی منطق کو نہيں سمجھ رہا ہے تو اس کا جواب استقامت ہے۔
صدرمملکت نے کہا کہ آج بھی الاقصی جنگ کا فاتح فلسطین ہے اورشکست صیہونی حکومت اور اس کے حامیوں کا مقدرہے۔
سید ابراہیم رئیسی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی پالیسی فلسطین اور استقامت کی حمایت کرنا ہے اور یہی اس کا ایجنڈا ہے اورجو بھی اپنی، اپنے دین کی اور اپنے خاندان کا دفاع کرتا ہو اس کی حمایت کرنی چاہئے۔
صدرمملکت نے اس بات پرتاکید کرتے ہوئے کہ غاصبانہ قبضہ ختم ہونا چاہئے اورقابض کو کیفرکردار تک پہنچانا چاہئے اوراس سے ہرجانہ وصول کرنا چاہئے کہا کہ قبضہ جاری رکھنے سے مالکیت یا قانونی حیثیت نہيں حاصل ہوتی ۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا کہ صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات کی بحالی سے کسی بھی طرح علاقے اور صیہونی حکومت کو تحفظ حاصل نہیں ہوگا ۔اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا کہ مسئلہ فلسطین صرف مسلم امہ کے لئے نہيں بلکہ پوری دنیا کے لئے باعث تشویش ہے ۔