Jan ۱۹, ۲۰۲۴ ۲۰:۳۲ Asia/Tehran
  • عرب لیگ کے بیان پر ایران کی وزارت خارجہ کا ردعمل

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے عراق میں دہشت گردوں کے ہیڈ کوارٹر پر سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے حملے کے تعلق سے عرب لیگ کے بیان پر ردعمل میں کہا ہے کہ ایران مجرموں اور دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرنے میں کوئی پس و پیش نہیں کرے گا۔

سحر نیوز/ ایران: عرب لیگ کے وزرائے خارجہ نے بدھ کی رات عراقی کردستان کے شہر اربیل میں غاصب اسرائیل کی خفیہ ایجنسی (موساد) سے وابستہ دہشت گردوں کے ہیڈ کوارٹر پر ایران کے حملے  کے سلسلے میں ایک بیان جاری کرکے ردعمل کا اظہار کیا۔

آج جمعہ کے روز ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے عرب لیگ کے وزرائے خارجہ کے مذکورہ بیان پر افسوس کا اظہار کیا اور اس کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ "اسلامی جمہوریہ ایران کا اقدام عراق کے شہر اربیل میں اسرائیلی حکومت سے وابستہ دہشت گرد عناصر کے خلاف اپنے دفاع کے جائز حق پر مبنی تھا۔ ان دہشت گرد عناصر سے ایران کی قومی سلامتی اور اس کے شہریوں کو خطرات لاحق تھے اور یہ کہ ایران قومی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے والےعناصر سے نمٹنے کے ساتھ ساتھ اپنے شہریوں کے دفاع اور مجرموں کے خلاف کارروائی کرنے میں کوئی پس و پیش نہیں کرے گا۔"

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ عراق کی خودمختاری اور ارضی سالمیت کا احترام اور اس کے ساتھ اچھی ہمسائیگی، عراق کے سلسلے میں اسلامی جمہوریہ ایران کے غیر متزلزل اور مسلمہ اصولوں میں سے ایک ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ گزشتہ برسوں میں عراق پر داعش اور تکفیری گروہوں کے حملوں کے شروع سے ہی اسلامی جمہوریہ ایران، عراق کی سلامتی، خودمختاری اور ارضی سالمیت کے تحفظ کے لئے پوری ذمہ داری اور پوری طاقت کے ساتھ عراق کی حکومت، عوام اور مسلح افواج کے ساتھ کھڑا رہا۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے مزید کہا کہ عراقی حکومت سے بھی توقع ہے کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان گزشتہ سال ہونے والے سیکورٹی معاہدے پر کاربند رہے گی اور اس کی شقوں پر مکمل طریقے سے عمل کرے گی۔

 

ٹیگس