ایرانی وزیر خارجہ: دہشت گردوں سے مقابلے کے لیے ایران اور پاکستان کے درمیان مشترکہ تعاون پر زور
ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے پاکستان میں دہشت گردوں کے کیمپوں کو تباہ کرنے کے لیے مشترکہ تعاون کو ضروری قرار دیا ہے۔
سحرنیوز/ ایران: دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشن میں پاسداران انقلاب اسلامی نے پاکستان میں واقع "جیش العدل" کے نام سے موسوم دہشت گرد گروہ "جیشِ الظلم" کے ہیڈ کوارٹر کو ابھی حال ہی میں نشانہ بنایا ہے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے پاکستان کے وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی کے ذریعہ ٹیلی فونی رابطہ کئے جانے پر ایران کی طرف سے اپنے دوست، برادر اور ہمسایہ ملک پاکستان کے اقتدار اعلیٰ اور ارضی سالمیت کے احترام پر زور دیا اور کہا کہ پاکستان کے اقتدار اعلیٰ اور ارضی سالمیت ایران کے لئے بہت زیادہ اہمیت کی حامل ہے اور سرزمین پاکستان پر دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو تباہ کرنے کے لیے دونوں ممالک کا تعاون ضروری ہے۔
حسین امیر عبداللہیان نے پاکستانی وزیر خارجہ کے ساتھ ہونے والی اس ٹیلی فونی گفتگو میں اسلامی جمہوریہ ایران کی ہمسائیگی اور اس کی خارجہ پالیسی میں پاکستان کی پوزیشن کو بہت اہم قرار دیا۔
ایرانی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ جن حالات میں غاصب اسرائیلی حکومت فلسطین میں خواتین اور بچوں کا قتل عام جاری رکھے ہوئے ہے، عالم اسلام اور بڑے و مؤثر ممالک کے اتحاد کی ضرورت پہلے سے زیادہ محسوس کی جا رہی ہے۔
پاکستانی وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے اس گفتگو کے دوران دہشت گردی سے مقابلے میں دونوں ممالک کے مشترکہ اہداف کی طرف اشارہ کیا اور کہا کہ دہشت گردی سے مقابلے میں مشترکہ موقف دونوں ممالک کے درمیان تعاون کی اصل بنیاد ہے اور پاکستان نے ہمیشہ ایران کے ساتھ برادرانہ اور تعمیری تعلقات پر زور دیا ہے نیز یہ کہ پاکستان نے سدا ایران کے اقتدار اعلیٰ اور ارضی سالمیت کے حق کو اہمیت دی ہے۔