Jan ۲۷, ۲۰۲۴ ۲۱:۳۱ Asia/Tehran
  • صیہونی حکومت کی بنیاد تشدد اور امتیازی سلوک: ایرانی وزارت خارجہ

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت کی بنیاد تشدد اور امتیازی سلوک پر قائم ہے اور اس غاصب حکومت کی نظر میں بین الاقوامی اصول و قوانین کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔

سحر نیوز/ ایران: ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے کہا ہے کہ بین الاقوامی عدالت انصاف کے فیصلے پر صیہونی حکومت کے دشمنانہ ردعمل سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس غاصب حکومت کی بنیاد تشدد اور امتیازی سلوک پر قائم ہے نیز غاصب صیہونی حکومت کی نظر میں بین الاقوامی اصول و قوانین کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔

عالمی عدالت انصاف نے گزشتہ روز غزہ نسل کشی کیس معطل کرنے کی اسرائیل کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کے خلاف نسل کشی کیس خارج نہیں ہوسکتا۔ عالمی عدالت انصاف، آئی سی جے، نے فلسطینیوں کی نسل کشی کیس کے عبوری فیصلے میں جنوبی افریقہ کے عائد کردہ الزامات کو درست قرار دیا ہے۔

عالمی عدالت انصاف کے اس فیصلے کے مطابق صیہونی حکومت کو انسانیت کے خلاف قتل کے جرائم کی روک تھام کے لیے ضروری اقدامات کرنے ہوں گے۔ صیہونی حکومت کو غزہ میں انسانی صورت حال کو بہتر بنانے کے لیے بھی اقدامات کرنے ہوں گے۔

ایران پریس خبر رساں ایجنسی کے مطابق، ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے ہفتے کے روز صیہونی حکومت کے جرائم کے بارے میں بین الاقوامی عدالت انصاف کے عبوری فیصلے پر ردعمل کا اظہار کیا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس" پر لکھا کہ یہ فیصلہ اگرچہ دیر سے آیا ہے لیکن یہ اس تلخ حقیقت کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ غزہ میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ نسل کشی سمیت بین الاقوامی جرائم کی ایک مثال ہے جو امریکی حکومت کی لامحدود حمایت  کی وجہ صیہونی حکومت جاری رکھے ہوئے ہے۔

 

ٹیگس