Mar ۰۴, ۲۰۲۴ ۱۹:۰۹ Asia/Tehran
  • ایران اور قطر کے وزرائے دفاع نے دونوں ممالک کی سرحدی سیکورٹی پر زور دیا ہے۔

ایران کے وزیر دفاع بریگیڈیئر جنرل محمد رضا قرائی آشتیانی نے دوحہ میں قطر کے وزیر دفاع خالد بن محمد العطیہ سے ملاقات کی ہے جس میں دونوں ممالک کی سرحدی سیکورٹی پر زور دیا گیا۔

سحرنیوز/ ایران: ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر دفاع محمد رضا قرائی آشتیانی اور قطر کے وزیر دفاع خالد بن محمد العطیہ کے درمیان ہونے والی اس ملاقات میں مغربی ایشیا میں یکطرفہ پالیسیوں اور دہشت گردی کا مقابلہ کرنے، دفاعی اور سلامتی کے موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا نیز غزہ پٹی کی تازہ ترین صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔

بریگیڈیئر جنرل محمد رضا قرائی آشتیانی اتوار کی شام اپنے قطری ہم منصب خالد بن محمد العطیہ کی دعوت پر قطر کے دفاعی اور عسکری حکام سے ملاقات نیز بحری دفاعی صلاحیتوں کی نمائش، ڈائی میکس، کی افتتاحیہ تقریب میں شرکت کے لیے دوحہ پہچے تھے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت دفاع نے اس نمائش میں اپنی سمندری مصنوعات، ایرو اسپیس انڈسٹری (میزائل)، الیکٹرانکس، ٹیلی کمیونیکیشن اور ہوابازی کی صنعت کی مصنوعات نیز دفاع کے میدان میں کامیابیوں کے حوالے سے ایک اسٹال بھی لگایا ہے۔

اس نمائش میں شرکت کرنے والے ممالک کی تعداد 80 ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی خارجہ پالیسی میں قطر ترجیحی ممالک میں سے ایک ہے اور دونوں ممالک کے تعلقات کی تاریخ کا جائزہ لینے سے معلوم ہوتا ہے کہ تعلقات ہمیشہ گہرے اور پرفروغ رہے ہیں۔

 

ٹیگس