فلسطینی عوام کے لئے ایرانی عوام کی دس ہزار ٹن کی امداد
ایران کی انجمن ہلال احمر کے سربراہ نے کہا ہے کہ ایرانی عوام کی طرف سے فلسطینی عوام اور پناہ گزینوں کی مدد کے لیے بھیجی گئی دس ہزار ٹن خوراک اور ادویات میں سے صرف پچیس فیصد غزہ میں داخل ہوئی ہیں۔
سحرنیوز/ ایران : اسلامی جمہوریہ ایران کی انجمن ہلال احمر کے سربراہ پیرحسین کولیوند نے کہا کہ صیہونی حکومت غزہ میں انسانی امداد کے داخلے کی اجازت نہیں دے رہی ہے اور اسے سزا کے طور پر استعمال کرتی ہے- انہوں نے مزید کہا کہ ایران نے بین الاقوامی عدالت کے اٹارنی جنرل کے نام غاصب صیہونی حکومت کے نوے مجرمانہ اقدامات اور عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کے بارے میں خط ارسال کیا ہے کہ جس پر اب تک چھیاسی ممالک دستخط کر چکے ہیں۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی ہلال احمر سوسائٹی کے سربراہ نے، غزہ میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور فلسطین پر غاصبانہ قبضے کے حوالے سے تہران میں بین الاقوامی کانفرنس کے انعقاد کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس کانفرنس میں اکیس ممالک سے چالیس ہزار افراد شرکت کریں گے۔اسلامی جمہوریہ ایران نے مسئلہ فلسطین میں صیہونی حکومت کے جرائم کے فوری خاتمے پر تاکید کرتے ہوئے بارہا کہا ہے کہ فلسطین پر تمام فلسطینی اقوام کی حکومت ہونی چاہیے اور دوسرے ممالک کو فلسطین کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے۔
اسلامی جمہوریہ ایران نے انقلاب اسلامی ایران کی کامیابی کے بعد دنیا کی حریت پسند قوموں بالخصوص مظلوم فلسطینی قوم کی بھرپور حمایت کی ہے اور اسی سلسلے میں بانی انقلاب اسلامی امام خمینی رح نے ماہ رمضان کے آخری جمعے کو یوم القدس کا نام دیا ہے۔ ماہ رمضان کو امام خمینی (رح) کا یوم القدس قرار دینا بھی اسی اہمیت کا مظہر ہے۔اسلامی انقلاب کی کامیابی کے چار عشروں سے زائد عرصے کے دوران ایرانی حکام نے دنیا کی مظلوم اقوام اور فلسطین کے مظلوم عوام کی حمایت سے دریغ نہیں کیاہے۔