Mar ۲۰, ۲۰۲۴ ۰۹:۵۰ Asia/Tehran
  • نئے شمسی سال میں مختلف شعبوں میں پیداوار کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینے پر صدر رئیسی کی تاکید

صدر مملکت سید ابراہیم رئیسی نے ماہ مبارک رمضان میں نیا ہجری شمسی سال شروع ہونے کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئے سال میں مختلف شعبوں میں پیداوار کو زیادہ سے زیادہ فروغ دیا جائے گا۔

سحرنیوز/ ایران: ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے نئے ہجری شمسی سال کی مناسبت سے اپنے ٹی وی پیغام میں مختلف شعبوں میں گذشتہ سال کا جائزہ لیتے ہوئے کہا ہے کہ گذشتہ سال اہم واقعات و حادثات کے ساتھ نشیب و فراز کا حامل سال رہا جس میں تلخ و شیریں واقعات شامل رہے تاہم اہم بات یہ ہے کہ پچھلا سال، تمام شعبوں میں ترقی کے واقعات کا سال ثابت ہوا۔ انھوں نے کہا کہ گذشتہ تین برسوں سے ایران کی چار فیصد سے زائد اقتصادی ترقی کے ساتھ ملکی ترقی کا عمل جاری ہے جبکہ اس سے قبل ایران کی ترقی ایک فیصد سے بھی کم شرح کے ساتھ جاری تھی۔

صدر مملکت نے کہا کہ اس نئے سال میں عوام کے تعاون سے پیداوار و معیشت کی رونق کے ساتھ ساتھ افراط زر کو زیادہ سے زیادہ کنٹرول کر کے ایرانی عوام کو زیادہ سے زیادہ خدمات پیش کرنے کی کوشش جاری رہے گی۔ صدر ایران نے ملک کو نقصان پہنچانے کی دشمنوں کی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی حکام اور عوام میں اتحاد و یکجہتی و ہمدلی سے دشمن کی ساری سازشیں ناکام ہوئیں اور مختلف میدانوں میں عوام کی وسیع موجودگی نے دشمنوں کو مایوس کر دیا۔

سید ابراہیم رئیسی نے علاقے کے حالات اور جنگ غزہ کا بھی ذکر کیا اور صیہونی جرائم کی مذمت اور فلسطینیوں کی تحریک استقامت و شجاعت کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ عالمی منھ زوروں نے جدید ترین ہتھیار اور اربوں ڈالر صیہونی حکومت کو فراہم کئے تاکہ غزہ میں بیس لاکھ لوگوں کو تہ تیغ کیا جا سکے مگر غاصب صیہونی حکومت کو منھ کی کھانا پڑی۔

ٹیگس