Apr ۱۰, ۲۰۲۴ ۰۴:۰۹ Asia/Tehran
  • سیستان و بلوچستان میں پولیس کی گاڑی پر حملہ، پانچ اہلکار شہید اور ایک زخمی

ایران کے صوبہ سیستان و بلوچستان کے اعلی عہدیدار علی رضا مرحمتی نے کہا ہے کہ مسلح عناصر کے حملے میں پانچ سیکورٹی اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوگیا-

سحرنیوز/ ایران: علی رضا مرحمتی نے شرپسندوں کے اس دہشت گردانہ اور بزدلانہ حملے کے بارے میں کہا کہ منگل کی شام کو کئی شرپسندوں نے سوران - مہران ٹرانسپورٹیشن محور میں، پولیس کے گشتی دستے پر حملہ کردیا جس میں بدقسمتی سے  پانچ پولیس اہلکار شہید اور ایک زخمی ہو گیا- مرحمتی نے مزید کہا کہ فوجی اور سیکورٹی اہلکاروں کے ذریعے دہشت گردوں کی تلاش جاری ہے -

انہوں نے کہا کہ جیش الظلم نامی دہشت گرد گروہ ہر اس واقعے کو، جو شرپسند  اور امن و امان میں خلل ڈالنے والے عناصر کے ذریعے انجام پاتا ہے،  بڑھا چڑھا کر پیش کرنے کے لئے اپنے نام سے منسوب کرتا ہے- اس دہشت گردانہ کارروائی میں محسن کمالی دوست، اسماعیل بزی اللہ ری ، کاظم ملائی، حسین سردشتی بیرجندی اور بہزاد بارانی شہید ہونے والے پولیس اہلکار ہیں۔ اس کے علاوہ ایک پولیس اہلکار کو شدید زخمی ہونے کے سبب ، علاج کے لیے علاقائی اسپتال بھیجا گیا ہے۔

دہشت گرد گروہ جیش الظلم، جو خود کو "جیش العدل" کہتا ہے، اب تک صوبہ سیستان و بلوچستان میں کئی قتل، اور بزدلانہ دہشت گردانہ حملوں کی ذمہ داری قبول کر چکا ہے۔

ایران میں اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد امریکہ، غاصب صیہونی حکومت اور ان کے علاقائی اتحادیوں کی جانب سے اسلامی جمہوریہ ایران کا تختہ پلٹنے اور اس کا مقابلہ کرنے کے لیے امریکہ اور غاصب صیہونی حکومت نے مختلف کارروائیاں کی ہیں، جو سب ناکام رہی ہیں-

 

ٹیگس