آئندہ صیہونی جارحیت کاسخت ترین جواب دینے پر زور، ایران کے نائب وزیرخارجہ
ایران کے نائب وزیرخارجہ نے خبردار کیا ہے کہ اگر صیہونیوں نے ایران کے خلاف کسی جارحیت کی غلطی کی تو انھیں پہلے سے زیادہ سخت جواب دیا جائےگا
سحرنیوز/ایران: ایران کے نائب وزیرخارجہ علی باقری کنی نے اپنے ایک ٹی وی انٹرویو میں کہا کہ صیہونیوں نے دمشق میں ایران کے قونصلر سیکشن پر حملہ کرکے اسٹریٹیجک غلطی کی اور اسلامی جمہوریہ ایران کو اپنی دفاعی و فوجی صلاحیتوں کو آزمانے کا قانونی موقع فراہم کردیاایران کے نائب وزیرخارجہ نے کہا کہ اگر صیہونی حکومت کے پاس عقل ہوگی تو وہ دوبارہ اس طرح کی اسٹریٹیجک غلطی دہرانے کی کوشش نہيں کرے گی کیونکہ اگر اس نے دوبارہ یہ غلطی دہرائی تو فورا سیکنڈوں میں پہلے سے زیادہ سخت جواب دیاجائے گا۔
علی باقری کنی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے جب اپنے قومی مفادات اور سیکورٹی کی حفاظت کے لئے صیہونیوں کو سزا دینے کا فیصلہ کیا تھا تو ان کی بعد کی شرارتوں کو مدنظر رکھ کر کیا تھا اور اس کے لئے بھی تہران کے پاس پروگرام ہے۔
ایران کے نائب وزیرخارجہ نے زور دے کر کہا کہ صیہونیوں کو سمجھ لینا چاہئے کہ جب سفارت خانے پر حملے کا انہیں دنداں شکن جواب دیا گيا ہے تو اگر وہ ایران کے اندر جارحیت کی کوشش کریں گے تو انھیں اصولی طور پر نہایت خوفناک جواب دیا جائے گا۔