ایران اور پاکستان کے درمیان تعلقات میں حائل رکاوٹیں دور کیے جانے کی ضرورت پر ایرانی وزیر خارجہ کی تاکید
ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے ایران اور پاکستان کے درمیان تعلقات میں حائل رکاوٹیں دور کیے جانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
سحرنیوز/ ایران: پاکستان میں متعین ایرانی سفیر اور دیگر سفارت کاروں کے ساتھ ایک میٹنگ کے دوران وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے ایران اور پاکستان کے تعلقات میں توسیع اور فروغ کو انتہائی اہم اور صدر سید ابراہیم رئیسی کے دورہ پاکستان کو مفید اور موثر قرار دیا۔ وزیر خارجہ نے کہا دونوں ہمسایہ ممالک کے مابین تعلقات کو مزید بہتر بنانے کے لئے مناسب منصوبوں کی پلاننگ اور حائل روکاوٹوں کو دور کیے جانے کی ضرورت ہے۔
ڈاکٹر حسین امیرعبداللہیان نے قونصل خانوں میں دی جانے والی خدمات، عوامی سطح کے تعلقات اور اقتصادی اور تجارتی تعاون میں فروغ لانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ اس موقع پر پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے پاکستان میں اسلامی جمہوریہ ایران کے پانچ سفارتی مراکز کی موجودگی کو پاکستان کی اہمیت اور سیاسی، اقتصادی، سیاحتی اور ثقافتی تعاون اور گنجائشوں کا آئینہ دار قرار دیا۔