Jun ۱۰, ۲۰۲۴ ۱۹:۳۵ Asia/Tehran

آئی آر آئی بی کے سربراہ پیمان جبلّی نے فیسٹیویل کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوری نظام اپنے استقلال، خود اعتمادی، حق پسندی اور انقلاب کی تربیت یافتہ شجاع شخصیتوں کی کاوشوں کی بدولت ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور طاقتور تر ہوتا رہے گا۔

سحر نیوز/ ایران: صبح میڈیا فیسٹیول میں ریڈیو اور پوڈ کاسٹ سیکشن میں بہت سے  پروگرام بھیجے گئے اور فائنل میں ان میں سے چند پروگرام منتخب ہوئے اور فائنل مقابلے میں ریڈیو تہران کی اردو سروس نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ ریڈیو تہران کے پروگرام "زائرین کی آواز" کو، جو پاکستان اور ایران کے سرحدی شہر میرجاوہ سے زائرین اربعین حسینی سے متعلق براہ راست نشر ہوا تھا، پہلے انعام سے نوازا گیا۔ اس پروگرام کے ڈائریکٹر اور پروڈیوسر غلام عباس حیدری تھے۔

اختتامی پروگرام کے موقع پر فیسٹیول کے سیکریٹری محسن یزدی نے بتایا کہ پہلے ایک پروقار اختتامی تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا لیکن صدر مملکت سید ابراہیم رئیسی کی شہادت کے بعد یہ طے ہوا کہ اس پروگرام کو باوقار مگر سادہ انداز میں منعقد کیا جائے۔ اس کے علاوہ آئی آر آئی بی کے سربراہ پیمان جبلّی نے بھی بتایا کہ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی صدر مملکت سید ابراہیم رئیسی تھے لیکن وہ سانحہ ہیلی کاپٹر میں شہید ہو گئے اور ہم ان کے دیدار سے محروم رہے۔

آئی آر آئی بی کے سربراہ پیمان جبلّی نے اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوری نظام اپنے استقلال، خوداعتمادی، حق پسندی اورانقلاب کی تربیت یافتہ شجاع شخصیتوں کی کاوشوں کی بدولت ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور بھرپور قوت کے ساتھ گامزن رہے گا جس کا واضح نمونہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں دیکھا گیا جب صدر رئيسی نے شہید قاسم سلیمانی کی تصویر اور قرآن کریم کو اپنے ہاتھوں میں اٹھا کر ایک تاریخی اقدام انجام دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس انقلاب نے شہید قاسم سلیمانی، شہید ابراہیم رئیسی اور شہید حسین امیرعبداللہیان جیسی شخصیتوں کو پھلنے پھولنے کا موقع دیا اور مستقبل میں ایسی شخصیات کی زیادہ تعداد دیکھی جائے گی۔

اس موقع پر آئی آر آئی بی ورلڈ سروسز کی رپورٹر اسراء البحیصی کی قدردانی کی گئی اور انہیں غزہ کے ذرائع ابلاغ کی استقامت کی علامت اور ان جیسے افراد کو مغربی یونیورسٹیوں میں فلسطین کی حمایت میں تحریکوں کے فروغ کی وجہ قرار دیا۔ پیمان جبلی نے کہا کہ ہمیں اسراء البحیصی پر فخر ہے کیونکہ انہوں نے اور بہت سے غزہ والوں نے میڈیا کا حق ادا کرتے ہوئے صیہونیوں کے مظالم کا پردہ فاش کردیا۔انہوں نے کہا کہ آج دنیا میں ایسے دسیوں ہزار میڈیا ایکٹیوسٹ کام کر رہے ہیں جو کہ بڑے ذرائع ابلاغ سے متاثر ہوئے بغیر مغربی دنیا کو غزہ میں پیش آنے والے واقعات سے روشناس کروا رہے ہیں۔ آئی آر آئی بی کے سربراہ نے "صبح" میڈیا فیسٹیول کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ یہ نہ صرف ایران اور علاقے کے لئے اہم ہے بلکہ اس فیسٹیول کی بنیاد پر سامراج مخالف غیروابستہ میڈیا نیٹ ورک قائم کیا جاسکتا ہے۔

واضح رہے کہ دوسرا "صبح" بین الاقوامی میڈیا فیسٹیول عالمی شہرت یافتہ مہمانوں کی موجودگی میں اختتام پذیر ہوا جس میں ایران کے قومی ریڈیو اور ٹیلی ویژن کے ادارے، آئی آر آئی بی، کے سربراہ اور اعلی عہدے داروں کے علاوہ 40 غیرملکی مہمان بھی شریک ہوئے۔ اختتامی پروگرام کے موقع پر ایران کے عربی زبان نیوز چینل "العالم" کی غزہ میں رپورٹر "اسرا البحیصی" کی قدردانی کے ساتھ ساتھ ان کو بھی، جو لگاتار متعدد نیوز رپورٹیں تیار کرکے فلسطین کے مظلوم عوام کی آواز دنیا تک پہنچا رہی ہیں، انعام سے نوازا گیا۔

اس تقریب میں ایران کے مشہور مصور حسن روح الامینی کے تازہ شاہکار"فتح قریب" کی رونمائی بھی ہوئی۔ بہترین خبر، ریڈیو اور پوڈکاسٹ، سوشل میڈیا، ویب سائٹ، ویب ویڈیو، موشن گرافک، انیمیشن، میوزک کلپ، ٹیلی ویژن، فلسطین کے لئے تصویرسازی اور تحریریں، شارٹ اور دستاویزی فلموں کو بھی تحائف اور اعزازات سے نوازا گیا اور ایک خصوصی انعام "غزہ کے شہید رپورٹروں" کے نام بھی کیا گیا۔

ٹیگس