ایران کی تیل کی پیداوار میں اضافہ
تیل پیدا کرنے والے ملکوں کی تنظیم اوپیک کے سیکریٹریٹ نے اعلان کیا ہے کہ مئی میں ایران کی تیل کی پیداواربائيس کروڑ چھے لاکھ بیرل یومیہ رہی جو اپریل کے مقابلے میں سات ہزار بیرل یومیہ زیادہ ہے۔
سحرنیوز/ایران: اوپیک سیکریٹریٹ کی ماہ جون کی رپورٹ بتاتی ہے کہ گزشتہ مئی میں اس تنظیم کے رکن بارہ ملکوں کی مجموعی تیل کی پیداوار دو کروڑ چھیاسٹھ لاکھ انتس ہزار بیرل یومیہ رہی جو اپریل کے مقابلے میں انتس ہزار بیرل یومیہ زیادہ ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق گزشتہ اپریل میں اوپیک تیل کی پیداوار دو کروڑ چھیاسٹھ لاکھ بیرل یومیہ تھی۔اوپیک کی ماہ جون کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب نوے لاکھ بیرل روزآنہ کی پیداوار کے ساتھ اوپیک میں سب سے زیادہ تیل پیدا کرنے والا ملک ہے، اس کے بعد عراق اکتالیس لاکھ پچانوے ہزار بیرل یومیہ کے ساتھ دوسرے نمبر اور ایران یومیہ بتیس لاکھ چھبیس ہزار بیرل کے ساتھ اوپیک کا تیل پیدا کرنے والا تیسرا بڑا ملک ہے۔
اوپیک کی اس رپورٹ کے مطابق ایران نے گزشتہ مئی میں یومیہ بتیس لاکھ چھبیس ہزار بیرل تیل نکالا جو اپریل کے مقابلے میں یومیہ سات ہزار بیرل زیادہ ہے۔ اوپیک کی تازہ ترین ماہانہ رپورٹ کے مطابق تیل کی عالمی مانگ بڑھ گئی ہے اور رواں مہینے (جون) میں اس مانگ میں بائيس لاکھ پچاس ہزار بیرل یومیہ اضافے کی توقع ہے۔ اوپیک نے اپنی ماہانہ رپورٹ میں توقع ظاہر کی ہے کہ دو ہزار پچیس میں تیل کی عالمی مانگ میں اٹھارہ لاکھ پچاس ہزار بیرل یومیہ اضافہ ہوگا۔