Jun ۲۴, ۲۰۲۴ ۱۲:۳۴ Asia/Tehran

ایران اور بحرین نے سفارتی تعلقات کی بحالی کی جانب ایک بڑا قدم اٹھایا ہے۔

سحرنیوز/ایران: تہران سے تسنیم نیوز کے مطابق بحرین کے وزیر خارجہ عبد اللطیف بن راشد الزیانی نے ایران کے قائم مقام وزیر خارجہ علی باقری کنی سے اتوار کی شب ملاقات کی۔ اس ملاقات میں فریقین نے سیاسی و سفارتی تعلقات کی بحالی کے طریقہ کار کا جائزہ لینے کے لیے دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات شروع کرنے کے لیے ضروری میکانزم بنانے پر اتفاق کیا۔ ساتھ ہی فریقین نے باہمی دلچسپی کے دیگر موضوعات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
اس سے قبل بحرین کے وزیر خارجہ نے صدر ایران شہید سید ابراہیم رئیسی اور آپ کے رفقائے کار کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے تہران کا سفر کیا تھا۔
خیال رہے کہ ایران میں ایشیا کوآپریشن ڈائیلاگ تنظیم کا اجلاس ہو رہا ہے جس میں شرکت کے لئے تیس سے زائد ممالک کے سفارتی وفود تہران کے دورے پر ہیں۔ تہران کی صدارت میں ہو رہے اس اجلاس میں شرکت کے لئے ہی بحرین کے وزیر خارجہ تہران کے دورے پر ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ ترجیحی بنیادوں پر پڑوسی اور اسلامی ممالک سے تعلقات پر مبنی شہید صدر سید ابراہیم رئیسی حکومت کی اسٹریٹیجی کے تحت گزشتہ تین برسوں کے دوران پڑوسی اور اسلامی ممالک کے ساتھ ایران کے تعلقات میں روز افزوں ترقی دیکھی جا رہی ہے۔

ٹیگس