اسلامی جمہوریہ ایران کے لئے اس وقت اہم ضرورت کیا ہے؟ رہبر انقلاب اسلامی نے اپنا ووٹ ڈالنے کے بعد کیا کی دعا؟+ویڈیو و تصاویر
رہبر انقلاب اسلامی آيت اللہ خامنہ ای نے آج چودہویں صدارتی الیکشن کے لئے پولنگ کا وقت شروع ہوتے ہی تہران کے وقت کے مطابق صبح 8 بجے اپنا ووٹ ڈالا۔
سحرنیوز/ایران: ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے جمعہ کے روز، ووٹ ڈالنے کے بعد کہا: اپنی عزیز قوم کے لئے اللہ تعالی سے بہترین ایام اور برکتوں کی دعا کرتا ہوں۔
رہبر انقلاب آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے ووٹ ڈالنے کے بعد یہ بات زور دے کر کہی: ہم ایرانیوں کے لئے انتخابات کا دن جشن و تازگی کا دن ہے ۔ خاص طور پر وہ جب صدر کے انتخاب کے لئے ہو کیونکہ اس سے اگلے کچھ برسوں کے لئے ملک، عوام کے انتخاب سے چلتا ہے لیکن ایک چیز میری نظر میں اہم ہے اور وہ جوش و جذبے کے ساتھ عوام کی موجودگي اور ووٹ دینے والوں کی تعداد میں اضافہ ہے۔ یہ اسلامی جمہوریہ کے لئے ایک اہم ضرورت ہے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے واضح کیا کہ اسلامی جمہوریہ کا نام یعنی جمہوریہ اس بات کی حکایت کرتا ہے کہ اس نظام کی بنیاد میں عوام کی شراکت کا خیال رکھا گیا ہے۔ اس بنا پر اسلامی جمہوریہ کی بقا اور اس کا استحکام، اس کی طاقت اور دنیا میں اس کی عزت سب کچھ عوام کی شراکت پر منحصر ہے۔ اسی لئے ہم سفارش کرتے ہيں کہ عوام، ووٹ ڈالنے کو، اس اہم سیاسی امتحان میں شرکت کو سنجیدگی سے لیں۔
رہبر انقلاب نے زور دیا: یہ جو آپ کہتے ہیں کہ کچھ لوگ تذبذب میں ہيں، تو مجھے تو تذبذب کی کوئی وجہ نظر نہيں آتی۔ یہ ایک آسان کام ہے جس کے نتائج اہم ہیں ۔ کیونکہ انسان کسی ایسے کام کو انجام دینے میں کہ جس میں کوئی زحمت نہ ہو، سرمایہ نہ لگانا ہو، وقت برباد نہ ہو، دباؤ نہ ہو، لیکن اس کے فائدے بہت ہوں ، کیوں تذبذب کرے گا؟ تذبذب میں نہ رہيں۔ خاص طور پر اس بات کی وجہ سے بھی جس کا میں نے ذکر کیا اور وہ یہ کہ اسلامی جمہوریہ کا قیام عوامی شراکت سے ہے اور اسلامی جمہوریہ کی صداقت کو ثابت کرنے کے لئے عوام کی شراکت اور موجودگی ایک ضروری اور لازم چیز ہے ۔
رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا: میری دعا ہے کہ اللہ تعالی ہمارے ملک کے لئے بہترین مستقبل کا تعین کرے اور سب سے زيادہ فائدہ مند شخص کا انتخاب ہو اور آنے والے برس اچھے اور مرضی کے مطابق ہوں اور عوام اپنے انتخاب سے خوش رہیں۔