برکس اجلاس میں ایرانی اسپیکر کی پہلی باضابطہ شرکت
برکس سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے روس روانہ ہونے سے قبل مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے لیے برکس ممالک کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے کا یہ بہت اچھا موقع ہے۔
سحرنیوز/ایران: ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد قالیباف نے کہا ہے کہ اس اجلاس سے ہمارا ایک مقصد بہت سے معاہدوں پر عمل در آمد کی راہ ہموار کرنا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا کہ گزشتہ سال ایران تین دیگر ممالک کے ساتھ برکس کا رکن بنا۔ لہذا، برکس فورم میں یہ ہماری پہلی باضابطہ شرکت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ روس نے پہل کی ہے۔ اس اجلاس کے بعد ایک اور اجلاس ہوگا جس کے لئے قزاقستان، قرقیزستان، تاجکستان، آذربائیجان، آرمینیا، بیلاروس اور تنزانیہ کو آئی پی یو اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم برکس اجلاس کے علاوہ رکن ملکوں کے وفود سے الگ سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ ایران اور روس کے درمیان اہم تجارتی معاہدے ہيں اور شمال جنوب کوریڈور ہم دونوں ملکوں کے لئے ایک غیر معمولی موقع ہے۔