Jul ۱۳, ۲۰۲۴ ۱۰:۱۷ Asia/Tehran
  • امریکہ ماضی کی غلط فہمیوں سے سبق سیکھے:  ڈاکٹر مسعود پزشکیان

ایران کے نو منتخب صدر نے "نئی دنیا کے لیے میرا پیغام" کے عنوان سے ایک مقالہ شائع کرکے، خطے کے ممالک، افریقہ، چین، روس، یورپ اور امریکہ کے ساتھ تعلقات کے بارے میں اپنے نقطہ نظر کی وضاحت کی ہے۔

سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے منتخب صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے اپنے مقالے میں لکھا ہے کہ اپنی حکومت میں، وہ ایک ایسی بنیادی پالیسی پر عمل پیرا ہونے کا ارادہ رکھتے ہیں جو قومی مفادات، اقتصادی ترقی اور خطے اور دنیا میں امن و سلامتی کی ضروریات کے مطابق ہو۔ انھوں نے کہا ہے کہ ان کی حکومت مذاکرات، تعاون، اور برابری نیز دو جانبہ احترام کی بنیاد پر سبھی پڑوسی اور علاقائی نیز دیگر ملکوں کے ساتھ روابط بڑھانے کی پالیسی پر عمل کرے گی۔

ڈاکٹر پزشکیان نے کہا ہے کہ میں ایک بار پھر اس بات پر زور دینا چاہتا ہوں کہ ایران کے دفاعی نظریے میں جوہری ہتھیاروں کی تیاری شامل نہیں ہے اور میں امریکہ سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ اپنے ماضی کی غلط فہمیوں سے سبق سیکھے اور اس کے مطابق نئی پالیسی اختیار کرے۔ انھوں نے کہا کہ واشنگٹن میں فیصلہ سازوں کو یہ سمجھ لینا چاہیے کہ خطے کے ممالک کو ایک دوسرے کے خلاف کھڑا کرنے کی پالیسی ماضی میں کامیاب نہیں ہوئی اور نہ مستقبل میں کامیاب ہو گی۔ انہیں ایران کی سچائی کو قبول کرنا چاہیے اور موجودہ کشیدگی کو بڑھانے سے گریز کرنا چاہیے۔

ایران کے منتخب صدر نے کہا ہے کہ ایران کے عوام نے مجھے خطے اور دنیا میں اپنے حقوق، وقار اور صحیح کردار پر اصرار کرتے ہوئے بین الاقوامی میدان میں سنجیدگی سے تعمیری مصروفیات کو آگے بڑھانے کا ایک مضبوط مینڈیٹ دیا ہے۔ میں ان تمام لوگوں کو دعوت دیتا ہوں جو آپسی تعاون کے لئے اس تاریخی کوشش میں شامل ہونا چاہتے ہیں۔

ٹیگس