ایران کے نومنتخب صدر کی پارلیمنٹ میں حاضری
ایران کے نو منتخب صدر مسعود پزشکیان نے آج پارلیمنٹ پہنچ کر تاکید کی ہے کہ ہم فکری و یکجہتی اور ہمدلی کے ذریعے ایرانی عوام کی مشکلات کو حل کرنے کی پوری کوشش کی جائے گی۔
سحرنیوز/ایران: ایران کے نو منتخب صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے آج مجلس شورائے اسلامی میں حاضری دیتے ہوئے پارلیمانی اراکین کی قدردانی کی اور ان سے ملکی مسائل کے حل میں تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے انتخابی بحث و مباحثے اور اسی پارلیمنٹ میں بارہا کہا ہے کہ اختلافات و تنازعات سے ملکی امور نہیں چلائے جا سکتے، متحد ہو کر اور آپسی ہم آہنگی و مفاہمت سے ان تمام مسائل و مشکلات کو حل کرنا ہوگا جو اغیار کی جانب سے ایران اور ایرانی عوام کے لئے پیدا کئے گئے ہیں۔
ایران کے نو منتخب صدر نے ایران کے صدارتی انتخابات کے بارے میں بھی کہا کہ ووٹنگ کا بائیکاٹ کئے جانے کے پروپیگنڈے کے باوجود عوام نے ووٹنگ میں حصہ لیا اور ایسے مخالین کے منھ پر زوردار طمانچہ رسید کیا جو ملک کے اندر اور باہر بیٹھے انتخابات کا بائیکاٹ کئے جانے کا پروپیگنڈہ کر رہے تھے۔