Jul ۳۰, ۲۰۲۴ ۱۵:۰۸ Asia/Tehran
  • مقبوضہ جولان کے واقعہ کا ذمہ دار حزب اللہ کو قرار دینے کا صیہونی دعوی مضحکہ خیز ہے: ایران

ایران کی خارجہ تعلقات کی اسٹریٹیجک کونسل کے چیئرمین نے مقبوضہ جولان میں پیش آنے والے واقعہ کا ذمہ دار حزب اللہ کو قرار دینے کے صیہونی دعوے کو مضحکہ خیز قرار دیا ہے۔

سحر نیوز/ ایران: ایران کی خارجہ تعلقات کی اسٹریٹیجک کونسل کے چیئرمین کمال خرازی نے کہا ہے کہ جولان کے واقعے کے بارے میں حزب اللہ لبنان کے خلاف صیہونی دعوی، ویسا ہی ہے کہ جیسا اس نے غزہ کے المعمدانی اسپتال پر بمباری کرنے کے بعد کیا تھا جس میں بچوں اور عورتوں پر مشتمل پانچ سوعام شہری شہید ہو گئے تھے۔

انھوں نے کہا کہ غاصب صیہونی حکومت حزب اللہ پر جھوٹا الزام لگا کر علاقے میں جنگ کا دائرہ مزید پھیلانے کی کوشش کر رہی ہے۔

کمال خرازی نے تاکید کی کہ حزب اللہ کے خلاف کیا جانے والا دعوی اس لحاظ سے مضحکہ خیز ہے کہ مقبوضہ جولان میں آباد عام شہری خود غاصب صیہونی حکومت کے خلاف ہیں اور ان کے گھروں کی دیواروں پر شام کے صدر بشار اسد کی تصاویر لگی ہوئی ہیں اور چھتوں پر شام کے پرچم لہرا رہے ہیں۔

ایران کی خارجہ تعلقات کی اسٹریٹیجک کونسل کے چیئرمین کمال خرازی نے کہا کہ مقبوضہ فلسطین کی نسل پرست غاصب صیہونی حکومت کو جان لینا چاہیے کہ اگر اس کی ذرا بھی گستاخی بڑھی تو اسے منھ توڑ جواب ملے گا۔

مقبوضہ جولان کے علاقے مجدل شمس میں ہفتے کو ایک میزائل گرا تھا جس میں بارہ افراد ہلاک و زخمی ہو گئے تھے۔ صیہونی حکومت نے اس واقعے کا ذمہ دار حزب اللہ کو قرار دینے کی کوشش کی ہے۔

ٹیگس