طوفان الاقصیٰ آپریشن کے ذریعے دشمن اسرائیل کو شکست دینے والے رہنما الوداع
صیہونی حکومت نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ وہ ایک جنگی مجرم ہے۔
سحر نیوز/ ایران: تہران یونیورسٹی میں شہید اسماعیل ہنیہ کی تشییع جنازہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے حماس کے سینیئر رہنما خلیل الحیہ نے کہا کہ ہم آج طوفان الاقصیٰ کو رقم کرنے والے لیڈر کو الوداع کرنے آئے ہیں۔
استقامتی تحریک کے سینیئر رہنما نے کہا کہ ہم اپنی تحریک کے اس رہنما کو الوداع کہہ رہے ہیں جس نے طوفان الاقصیٰ آپریشن کے ذریعے دشمن کو شکست دی ۔ انہوں نے کہا کہ اس جرم کا ارتکاب کرکے صیہونی حکومت نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ وہ ایک جنگی مجرم ہے۔
اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے سینیئر رہنما شہید اسماعیل ہنیہ اور ان کے محافظ کی نماز جنازہ رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای کی امامت میں جمعرات کی صبح تہران یونیورسٹی میں ادا کی گئی ۔ تہران یونیورسٹی میں ہونے والی نماز جنازہ میں ایران کے صدر، پارلیمنٹ کے اسپیکر، عدلیہ کے سربراہ سمیت ملک کی مشہور سیاسی اور عسکری شخصیات اور استقامتی محاذ کے رہنماؤں اور جہاد اسلامی کے سربراہ زیاد النخالہ اور شہید اسماعیل ہنیہ کے فرزندوں نے شرکت کی ۔