ایران: پاکستانی زائرین کےلئے زاہدان میں خصوصی کلینک
صوبہ سیستان وبلوچستان کی اربعین کمیٹی کے طبی شعبے کے سیکریٹری نے زاہدان میں پاکستان کے زائرین اربعین کےلئے خصوصی کلینک کھولے جانے کی خبر دی ہے۔
سحرنیوز/ایران: ہمارے نامہ نگار کے مطابق اربعین ملین مارچ میں شرکت کے لئے زمینی راستے سے ایران ہوتے ہوئے عراق جانے والے پاکستانی زائرین اربعین اس سال دو زمینی سرحدوں، میرجاوہ اور ریمدان سے ایران پہنچ رہے ہیں۔
دونوں سرحدوں سے عراق جانے کے لئے ایران میں داخل ہونے والے پاکستانی زائرین اربعین کی میزبانی کے لئے موکب کا انتظام کیا گیا۔
میرجاوہ اور ریمدان دونوں زمینی سرحدوں سے ایران پہنچنے والے زائرین اربعین سرحد پر قائم موکب میں آرام کرنے کے بعد زاہدان پہنچتے ہیں اور وہاں سے عراق کی سرحد کی طرف روانہ ہوتے ہیں۔ زاہدان میں پاکستان کے زائرین اربعین کے لئے زائر سرائے امام رضا (علیہ السلام) کے نام سے خصوصی موکب لگایا گیا ہے۔
زاہدان کی اربعین کمیٹی کے طبی شعبے کے سیکریٹری نے بتایا ہے کہ اس موکب میں پاکستانی زائرین اربعین کے طبی معائنے کے لئے کلینک کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔انھوں نے بتایا ہے کہ اب تک اس کلینک میں 357 زائرین طبی خدمات حاصل کرچکے ہیں.