تین ملین سے زائد ایرانی زائرین عراق پہنچ گئے
اربعین حسینی کے خصوصی ایونٹ نجف تا کربلا پیدل مارچ میں شرکت کے لئے اب تک تین ملین سے زائد زائرین ایران کی سرحدوں سے عراق میں داخل ہو چکے ہیں۔
سحرنیوز/ایران: ایران کے پولیس چیف احمد رضا رادان نے گزشتہ روز ایران کی سرحدی گذرگاہ خسروی کا دورہ کیا اور زائرینِ اربعین کی رفت و آمد اور ان کے لئے فراہم کی گئیں سہولیات کا قریب سے جاکر جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ ابھی تک ایران کی سرحدوں سے تیس لاکھ سے زائد زائرین عراق میں داخل ہو چکے ہیں۔
ایران کے پولیس چیف کا کہنا تھا کہ اس سال اربعین کے موقع پر عراق کا سفر کرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے جس میں سرحد پر فراہم کی گئی سہولیات بھی مؤثر رہی ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اب تک تیرہ لاکھ سے زائد زائرین واپس اپنے وطن ایران پہنچ چکے ہیں۔
یاد رہے کہ دینی ہدایات کی روشنی میں حسب دستور قدیم اس سال بھی نواسہ رسول، امام حریت حضرت امام حسین علیہ السلام کا چہلم اپنی بین الاقوامی حیثیت کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔
اس موقع پر عراق کے مختلف علاقوں بالخصوص نجف اشرف سے کربلا کی جانب جاری اربعین مارچ میں دسیوں لاکھ ملکی و غیر ملکی زائرین شریک ہیں۔ اس موقع پر جہاں عراقی حکومت نے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے ہیں وہیں عراقی عوام بھی دل کھول کر شہید کربلا کے زوار کی خدمت میں مصروف ہیں۔