Aug ۲۳, ۲۰۲۴ ۱۷:۱۲ Asia/Tehran
  • امریکا اور یورپ سے دشمنانہ رویہ ترک کرنے کا مطالبہ، ایران کے وزیرخارجہ سیدعباس عراقچی

ایران کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ اگر امریکہ اور یورپ مخاصمانہ رویہ ترک کردیں تو تہران واشنگٹن کے ساتھ تناؤ کم اور یورپی ملکوں کے ساتھ تعلقات کی تعمیر نو کے لیے ضروری اقدامات انجام دینے کے لیے تیار ہے۔

سحرنیوز/ایران: ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے یہ بات جاپان کی کیوڈو نیوز ایجنسی کو، دیئے گئے اپنے انٹرویو کے دوران مختلف سوالوں کے جواب دیتے ہوئے کہی۔ انہوں نے امریکی پابندیوں اور یورپ کے ساتھ تعلقات کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ایران کی وزارت خارجہ واشنگٹن کے ساتھ کشیدگی پر قابو پانے اور یورپی ممالک کے ساتھ تعلقات کی بحالی کے لیے اقدامات ضرور انجام دے گی لیکن ایسا صرف اس صورت میں ممکن ہے کہ جب وہ دشمنی سے دستبردار ہو جائیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران کی وزارت خارجہ دوہزار پندرہ کے جوہری معاہدے کو بحال اور پابندیوں کے خاتمے کی کوششیں جاری رکھے گی۔ ایران کے وزیر خارجہ نے پارلیمنٹ کے روبرو دیئے گئے اپنے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے واضح کیا کہ ہم ٹھوس، سنجیدہ اور واضح ٹائم فریم کے اندر مذاکرات کے ذریعے تمام پابندیوں کا خاتمہ چاہتے ہیں لیکن ملک کی بنیادی پالیسیوں اور اصولوں سے ایک قدم بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

ٹیگس