Aug ۲۴, ۲۰۲۴ ۱۰:۴۹ Asia/Tehran
  • صدر مملکت اور ان کی کابینہ کی امام خمینی کے مزار پر حاضری

اگر آج مسلمان متحد ہوتے تو امریکہ اور اسرائیل میں گستاخیوں کی جرات پیدا نہ ہوتی، یہ بات ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے بانی انقلاب اسلامی امام خمینی (رہ) کے مزار پر کہی۔

سحرنیوز/ایران: صدر ایران ڈاکٹر مسعود پزشکیان آج اپنی کابینہ کے ہمراہ بانی انقلاب اسلامی امام خمینی رح کے مزار پر گئے تاکہ فاتحہ خوانی کے ساتھ ساتھ ان کی امنگوں کے ساتھ تجدید عہد کر سکیں۔ اس موقع پر انہوں نے حاضرین سے خطاب بھی کیا جس میں انہوں نے غزہ کی المناک صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے سوال کیا کہ اگر آج مسلمان آپس میں متحد ہوتے تو کیا امریکہ، یورپ یا اسرائیل علاقے میں اس قسم کی گستاخیاں کر سکتے تھے؟
انہوں نے نواسہ رسول امام حریت حضرت امام حسین علیہ السلام کے ایام اربعین کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ امام حسین علیہ السلام نے حق کے مطالبہ کی خاطر قیام کیا اور آپ کے قیام کا مقصد اُس حق کے سلسلے میں امر و نہی کرنا تھا جسے پس پشت ڈال دیا گیا تھا۔
ڈاکٹر پزشکیان نے امام حسین علیہ السلام کی راہ کو راہ حق سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت دشمن ہمارے درمیان تفرقہ پھیلانے کی کوشش کر رہا ہے اور اسی مقصد سے وہ ہماری اہم شخصیات کو شہید کرتا ہے۔ ہفتہ حکومت کے آغاز پر بانی انقلاب اسلامی کے مزار پر حاضری دینے والے صدر ایران نے شہید ڈاکٹر بہشتی کی ایک کتاب کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پورا اسلام حق اور عدل و انصاف کے قیام میں سمٹا ہوا ہے۔

ٹیگس