Aug ۲۸, ۲۰۲۴ ۱۱:۴۵ Asia/Tehran
  • آسٹریا کے سفیر کی ایرانی وزارت خارجہ میں طلب

ایران وزارت خارجہ نے تہران میں آسٹریا کے سفیر کو طلب کیا ہے۔

سحرنیوز/ایران: تفصیلات کے مطابق ایران کی وزارت خارجہ نے تہران میں آسٹریا کے سفیر وولف ڈائیٹرچ ہیم کو طلب کر کے ویانا میں ایرانی سفیر کی طلبی کے خلاف احتجاج کیا ہے۔ وزارت خارجہ میں شعبہ مغربی یورپ کے ڈائریکٹر جنرل نے آسٹریا کے سفیر کو یاد دہانی کرائی کہ حزب اللہ لبنان صیہونی قبضے کے خلاف ایک آزاد مزاحمتی تحریک ہے جو لبنان میں ایک فعال اور موثر سیاسی ڈھانچہ رکھتی ہے جس کی لبنان کی حکومت اور اس ملک کی پارلیمنٹ میں بھی باضابطہ موجودگی ہے۔ انہوں نے آسٹریا کی وزارت خارجہ کے اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ متنازعہ اقدام خطے کی معروضی حقیقتوں کے برخلاف اور دونوں ممالک کے تعلقات کے منافی ہے۔
واضح رہے کہ آسٹریا میں ایران کے سفیر نے گزشتہ دنوں اپنی ایک ایکس پوسٹ میں حزب اللہ کے پرچم کا استعمال کیا تھا جس کے بعد مذکورہ یورپی ملک نے انہیں وزارت خارجہ میں طلب کر کے ان کے اس اقدام پر اعتراض کیا تھا اور کہا تھا کہ ان کا یہ اقدام حکومتی قوانین کے خلاف ہے۔ یاد رہے کہ آسٹریا حزب اللہ لبنان کو دہشتگرد تنظیموں کی فہرست میں شمار کرتا ہے۔

ٹیگس