Sep ۱۰, ۲۰۲۴ ۲۱:۴۳ Asia/Tehran
  • ایران کی ایک اور کامیابی، بغیر آپریشن دل کی رگوں کو کھولیں گے ایرانی ڈاکٹر

امراض قلب کے علاج پر چوبیسویں کانگریس کے چیئرمین نے بغیر آپریشن کے دل کی رگیں کھولنے کی نئی روش ایجاد کرنے میں ایران کی کامیابی کی خبر دی ہے۔

سحرنیوز/ایران: ارنا نے ایران کے صلابت شریان (Atherosclerosis) کے ماہرین کی ایسوسی ایشن کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ امراض قلب پر چوبیسویں کانگریس کے چیئرمین ڈاکٹر مسعود قاسمی نے بتایا ہے کہ بغیر آپریشن کے دل کی رگیں کھولنے کی یہ نئی ٹیکنالوجی ان مریضوں کے لئے نوید بخش ہے جن کے دل کی رگیں کھولنے کے لئے آپریشن ضروری سمجھا جاتا ہے۔

یاد رہے کہ  (Atherosclerosis)یعنی صلابت شریان ایک ایسی بیماری ہے جس میں شریان، چربی جم جانے کی وجہ سے بالکل بند ہوجاتی ہے اور مریض کو کسی بھی لمحہ ہارٹ اٹیک کا خطرہ رہتا ہے۔ اب تک اوپین ہارٹ سرجری سے ہی اس کا علاج ممکن سمجھا جاتا رہا ہے لیکن ایرانی ڈاکٹروں کی ایجاد کردہ اس نئی روش سے بغیر آپریشن کے ایسی شریانوں کو کھولنا ممکن ہوگیا ہے۔

ایران کے امراض قلب پر چوبیسویں کانگریس کے چیئرمین ڈاکٹر مسعود  قاسمی نے بتایا ہے کہ ایسی شریانوں کے علاج  کا نیا طریقہ قدیم طریقے سے بہت بہتر ہے اور اس میں مخصوص اسپرنگ کی مدد سے بغیر آپریشن کے شریانوں کو کھولا جاسکتا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ اس نئی روش میں ایک نئی ایجاد شدہ مشین سے کام لیا جاتا ہے جو ترقی یافتہ دنیا میں  متعارف ہونے کے دو تین مہینے کے اندر ہی ایران پہنچ گئی۔

ڈاکٹر مسعود  قاسمی نے بتایا ہے کہ حال میں صلابت شریان میں مبتلا ایک سڑسٹھ سالہ شخص کا جس کو ڈائبٹیز بھی تھی، اس نئی روش کے ذریعے کامیاب علاج کیا گیا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ سب سے بڑی کامیابی یہ ہے کہ اس نئی روش کے ذریعے اس کی وہ شریان بھی کھول دی گئی جو اس سے پہلے اس کو الگ سے لگائی گئی تھی۔ انھوں نے بتایا کہ اس نئی روش کے کامیاب تجربات اور نتائج امراض قلب پر ہونے والی چوبیسویں کانفرنس میں پیش کئے جائيں گے۔

ایران کے صلابت شریان (Atherosclerosis) کے ماہرین کی ایسوسی ایشن کے صدر نے بتایا کہ یہ کانفرنس "عشق و سلامتی کے ساتھ تپش قلب" کے زیر عنوان  17 سے 20 ستمبر تک تہران میں منعقد ہوگی۔

 

ٹیگس