Sep ۱۱, ۲۰۲۴ ۱۶:۳۷ Asia/Tehran
  • ایران اور عراق کے صدور کی ملاقات، اہم امور پر تبادلہ خیال

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر مسعود پزشکیان عراق کے سرکاری دورے پر بغداد پہنچے جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گيا۔

سحر نیوز/ ایران: ارنا کی رپورٹ کے مطابق صدر ایران ڈاکٹر مسعود پزشکیان آج صبح ایک اعلی رتبہ سیاسی و اقتصادی وفد کے ہمراہ عراق کے دورے پر پہنچے اور بغداد پیلس میں عراقی صدر عبداللطیف رشید سے ملاقات و گفتگو کی ۔ اس ملاقات میں ایران اور عراق کے صدور نے علاقے میں امن و استحکام کی برقراری کے لئے مختلف سیاسی اقتصادی اور ثقافتی میدانوں میں باہمی تعاون کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینے پر زور دیا۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے اس ملاقات میں دوطرفہ اور علاقائی تعاون کی تقویت کے لئے تہران اور بغداد کی مزید کوششوں پر تاکید کی۔ صدر مسعود پزشکیان نے ایران اور عراق کے گہرے تاریخی رشتوں کا ذکرکرتے ہوئے اسلامی ملکوں کی مشترکہ یونین کے قیام کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

عراق کے صدر نے بھی ایران کے صدر کے دورہ عراق پر خوشی کا اظہار کیا اور باہمی تعاون میں توسیع کی خواہش کا اظہار کیا۔

ایرانی صدر پزشکیان، عراقی وزیر اعظم محمد شیاع السودانی کی دعوت پر عراق کا دورہ کر رہے ہيں ، صدر ایران نے بغداد پیلس پہنچنے سے پہلے شہید استقامت قاسم سلیمانی اور شہید ابومہدی المہندس کی جائے شہادت پر حاضری دی اور دونوں شہدائے والامقام کو خراج تحسین پیش کیا۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے شہدائے استقامت کی جائے شہادت پر حاضری دینے کے بعد بغداد پیلس پہنچ کر عراقی صدر سے ملاقات و گفتگو کی ۔

صدر ایران نے بغداد روانگی سے پہلے مہرآباد ائیرپورٹ پر صحافیوں سے گفتگو میں اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ ان کا دورہ عراق اسلامی و پڑوسی ممالک کے ساتھ تعلقات و اشتراک عمل کے فروغ کے نئے دور کا آغاز ہے کہا کہ یہ دورہ دونوں ملکوں کے سیاسی ، اقتصادی و ثقافتی تعلقات میں بہت اچھے اثرات مرتب کرے گا۔

ٹیگس