صدر ایران عراقی کردستان پہنچ گئے، پرتپاک استقبال کیا گیا
صدر ایران ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے اپنے دورہ عراق کے موقع پر آج عراقی کردستان کا دورہ کیا جہاں اس علاقے کے سربراہ نچیروان بارزانی نے ان کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔
سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے عراقی کردستان کے صدر مقام اربیل پہنچنے کے بعد کردستانی حکام کے ساتھ ایرانی وفد کی نشست منعقد ہوئی ۔ یہ کسی ایرانی صدر کا پہلا دورہ کردستان ہے۔
صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان بدھ کو ایک اعلی سطحی وفد کے ہمراہ عراق کے سرکاری دورے پر بغداد پہنچے تھے جہاں عراقی وزیراعظم نے ایئرپورٹ پر ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
صدر ایران بغداد ایئرپورٹ سے سیدھے شہید استقامت شہید قاسم سلیمانی اور شہید ابومہدی المہندس کی جائے شہادت پر پہنچے اور ان شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔
صدرمملکت ڈاکٹر پزشکیان نے اپنے دورہ عراق میں اس ملک کے صدر اور وزیراعظم سمیت عراق میں مقیم ایرانیوں اور شیعہ گروہوں کے رہنماؤں سے ملاقات اور گفتگو کی ۔ صدر مملکت نے کاظمین کی زیارت کے ساتھ اپنے دورہ عراق کا پہلا دن مکمل کیا۔
صدرمملکت ڈاکٹر پزشکیان نے روداد چینل کے نمائندے کے اس سوال کے جواب میں کہ عراق اور عراقی کردستان کے عوام کے لئے آپ کا کیا پیغام ہے کہا کہ اس وقت ایران اور عراقی کردستان کے تعلقات اچھے ہيں اور اسے مضبوط بنانے کی کوشش کریں گے ۔