ایران کی جانب سے یمن کو میزائل دیئے جانے کے دعووں پر ایرانی صدر نے کیا کہا؟
ایران کے صدر نے کہا کہ یمن کو میزائل دینے کے دعوے مضحکہ خیز ہیں۔
سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے آج اپنی پہلی پریس کانفرنس میں غاصب اسرائیل پر یمن کے حالیہ میزائلی حملے کے بارے میں الجزیرہ ٹیلی ویژن چینل کے نمائندے کے سوال کے جواب میں ان دعووں کو سختی سے مسترد کیا کہ ایران نے ہائپرسونک میزائل کو تل ابیب پر حملے میں استعمال کرنے کے لیے یمن منتقل کئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت اگر کوئی یمن جانا چاہے تو کم سے کم ایک ہفتہ لگتا ہے اور یہ میزائل کیسے گئے کہ انہوں نے ان میزائلوں کو نہیں دیکھا؟
صدر مملکت نے کہا کہ جو ہائپر سونک میزائل یمن کے پاس ہیں ایران کے پاس وہ نہیں ہیں بلکہ اس سے مختلف ہیں۔
ایرانی صدر نے اس بات پر زور دیا کہ یمنی اپنے ہتھیار خود بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے مزید کہا کہ وہ ہر اس کوشش کی حمایت کرتے ہیں جو عرب اور مسلم ریاستوں کے ساتھ ایران کے تعلقات کو فروغ دینے میں مددگار ہو۔
انہوں نے غزہ کی پٹی پر صیہونی حکومت کی جارحیت اور نسل کشی کی جنگ کی مذمت کرتے ہوئے غزہ کی محصور پٹی کے اسکولوں اور اسپتالوں پر بمباری کو مجرمانہ اقدام قرار دیا۔