ایران لبنان میں اپنے سفیر پر ہونے والے حملے کا جواب دینے کا قانونی حق محفوظ رکھتا ہے
اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب نے ایک مراسلے میں اس بات کا اعلان کرتے ہوئے کہ ایران لبنان میں اپنے سفیر پر ہونے والے حملے کا سخت نوٹس لےگا اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور سلامتی کونسل سے غاصب صیہونی حکومت کے اقدامات کی شدید مذمت کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
سحرنیوز/ ایران: اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب امیر سعید ایروانی نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل، سلامتی کونسل کے چیئرمین اور جنرل اسمبلی کے سربراہ کے نام اپنے الگ الگ مراسلے میں کہا ہے کہ ایران لبنان میں اپنے سفیر پر ہونے والے حملے کے سلسلے میں جس میں زخمی بھی ہوئے ہیں سختی نوٹس لے گا اور یہ کہ تہران بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی اور اس وحشیانہ جرم کے ارتکاب کا جواب دینے کا قانونی حق محفوظ رکھتا ہے۔
اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب نے کہا کہ سسٹم کے تحت اس قسم کے ہولناک جرم کا ارتکاب اور عام شہریوں کا قتل عام کر کے صیہونی حکومت نے ایک اور وحشیانہ ترین انسانیت سوز جرم کا ارتکاب کیا ۔ انھوں نے کہا کہ اس طرح کے جرم سے اس بات کی نشاندہی ہوتی ہے کہ غاصب صیہونی حکومت، اس طرح کے وحشیانہ ترین جرم کے ارتکاب اور فلسطینیوں کی نسل کشی کر کے، علاقائی و عالمی امن، سلامتی اور انسانیت کے لئے بڑا خطرہ بنی ہوئی ہے اور اس وحشی حکومت کے غیر قانونی اقدامات کے مقابلے میں ضرورت اس بات کی ہے عالمی برادری سنجیدگی کا مظاہرہ کرے اور صیہونی حکومت کی جاری مدد و حمایت کو روکے اور صیہونی حکومت کی حفاظت کا سلسلہ بند کرائے۔
امیر سعید ایروانی نے تاکید کی کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور سلامتی کونسل کے چیئرمین لبنان میں صیہونی جارحیت اور ایران کے سفیر پر حملے کا سخت نوٹس لے اور لبنان کی ارضی سالمیت کے منافی جارحانہ اقدامات کی شدید مذمت کرے۔