ایران اور دنیا کے مختلف ملکوں میں جشن میلاد النبی (ص)
آج نبی رحمت حضرت ختمی مرتبت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور صادق آل طاھا حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کے یوم ولادت باسعادت کا جشن بڑی شان و شوکت سے منایا جا رہا ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: آج ایران میں سترہ ربیع الاول ہے جو آمنہ و عبداللہ کے نور نظر، محبوب دوعالم اور حبیب حضرت حق کی ولادت با سعادت کے لئے جانا جاتا ہے۔ آج کے دن افق مدینہ پر حق و حقیقت اور مہر و محبت کا وہ خورشید تابناک ضوفشاں ہوا جس نے تا قیام قیامت کرہ ارض ہی نہیں بلکہ تمام عالم کو منور کر دیا۔ اسی مبارک و میمون گھڑی کی یاد منانے اور اپنے آقا کی خدمت میں خراج عشق و عقیدت پیش کرنے کے لئے ایران سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں فرزندان اسلام آج جشن و سرور میں مصروف ہیں۔ ایک ہفتے قبل شروع ہونے والے خصوصی جشن کا سلسلہ آج اپنے عروج پر پہنچ گیا ہے۔
ایران کے سبھی مقدس مقامات کے علاوہ تمام شہروں اور قریوں میں سرتاج انبیا کے یوم آمد کا جشن منایا جا رہا ہے۔ گزشتہ شب مشہد مقدس میں روضہ امام علی رضا علیہ السلام، قم میں روضہ حضرت معصومہ علیہا سلام، شیراز میں روضہ حضرت احمد بن موسیٰ علیہ السلام اور تہران میں روضہ حضرت عبد العظیم حسنی علیہ السلام ان کے چاہنے والوں سے لبریز نظر آئے۔
دارالحکومت تہران اور دیگر شہروں میں اسی مناسب سے خصوصی جشن و محفل کا اہتمام سڑکوں پر بھی کیا گیا جس میں لاکھوں فرزندان اسلام نے پوری عقیدت کے ساتھ شرکت کی۔