بائيڈن کے بیانات تشویشناک اور اشتعال انگیز ہيں، اقوام متحدہ میں ایران کے نمائندے
اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب نے تہران کے خلاف جارح اسرائیل کی ممکنہ شرارت کے وقت کی اطلاع ہونے کے بارے میں امریکی صدر کے بیان کو تشویشناک اور اشتعال انگيز قرار دیا ہے
سحرنیوز/ایران: اقوام متحدہ ميں ایران کے مندوب امیر سعید ایروانی نے اس ادارے کے جنرل سیکریٹری انٹونیو گوترش اور سلامتی کونسل کے سربراہ پاسکل کریسٹین کے نام خط میں تہران کے خلاف صیہونی حکومت کی ممکنہ شرارت کے طریقے اور اس کے وقت کے بارے میں امریکی صدر بائيڈن کے باخبر ہونے پر ردعمل ظاہر کیا ہے اور کہا ہے کہ بائيڈن کے بیانات تشویشناک اور اشتعال انگیز ہيں کیونکہ اس سے ایران کے خلاف اسرائیل کی غیرقانونی فوجی جارحیت کی امریکہ کی جانب سے کھلی حمایت کا پتہ چلتا ہے. ایروانی نے تاکید کے ساتھ کہا کہ اس طرح کے بیانات، علاقے میں کشیدگی میں کمی کی حمایت کرنے کے واشنگٹن کے دعوے سے تضاد رکھتے ہیں۔
اس خط میں کہا گیا ہے کہ امریکہ، اسرائیلی حکومت کے لئے جدید ترین فضائی دفاعی سسٹم سمیت جدید ترین ہتھیار اور ٹیکنیکل مدد فراہم کر رہا ہے اور اس بنا پر واشنگٹن، ایران کے خلاف صیہونیوں کی کسی بھی طرح کی جارحیت اور اس کے نتائج میں شریک ہے۔