Oct ۲۹, ۲۰۲۴ ۰۹:۲۵ Asia/Tehran
  • عالمی رائے عامہ کے نزدیک صیہونی حکومت کی کوئی قانونی حیثیت نہیں بچی، ایران کی اعلیٰ قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری

ایران کی اعلیٰ قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری نے کہا ہے کہ صیہونی حکومت عالمی رائے عامہ کے نزدیک اپنی قانونی حیثیت کھوچکی ہے۔

سحرنیوز/ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کی اعلیٰ قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری علی اکبر احمدیان نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ آج دنیا میں کوئی نہیں ہے جو اسرائيل کو غاصب اور قابض نیز فلسطینی قوم کو حریت پسند نہ سمجھتا ہو، کہا ہے کہ صیہونی حکومت عالمی رائے عامہ کے نزدیک اپنی قانونی حیثیت کھو چکی ہے اور پرچم فلسطین سربلند ہوچکا ہے۔
 انہوں نے کہا کہ میدان میں فلسطینی استقامت کی پوزیشن محکم نظر آتی ہے۔ ایران کی اعلیٰ قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری نے کہا کہ صیہونی دشمن ایک سال بعد بھی اپنے اہداف تک نہیں پہنچ سکا ہے اور ملت فلسطین سے اس کی شکست اور عاجزی کے آثار نمایاں ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ استقامتی محاذ کامیاب ہوگا اور اپنے اہداف حاصل کرے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ آج فلسطین کی استقامتی تحریک نے دنیا کی ایک بڑی تحریک کو اپنا ہم نوا بنالیا ہے۔ علی اکبر احمدیان نے کہا کہ ان کارروائيوں کے آغاز سے پہلے دنیا میں بہت سے لوگوں کو فلسطین کی صحیح شناخت نہیں تھی اور فلسطین نیز فلسطینی مجاہدین کے خلاف برسوں کے پروپیگنڈوں نے ان لوگوں کے اذہان میں جن کا مطالعہ کم ہے، فلسطینیوں کو دہشت گرد بنا دیا تھا۔
ایران کی اعلیٰ قومی سلامتی کے سیکریٹری نے کہا کہ آج دنیا میں کوئی ایسا نہیں ہے جو اسرائيل کو غاصب اور قابض نیز فلسطینی عوام کو حریت پسند نہ سمجھتا ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ شہید یحیی سنوار، ملت فلسطین، غزہ کے عوام  اور حماس کے مجاہدین کی بہت بڑی کامیابی ہے، آج صیہونی حکومت دنیا کے عوام کے اذہان میں اپنی قانونی حیثیت کھو چکی ہے اور پرچم فلسطین سربلند ہوچکا ہے۔

ٹیگس