سید عباس عراقچی: دہشت گردوں نے علاقے میں طویل عرصے تک ہرج ومرج پھیلانے کی منصوبہ بندی کی ہے
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ تکفیری دہشت گرد گروہوں نے امریکا اور صیہونی حکومت کی حمایت سے طویل عرصے تک علاقے میں بدامنی اور ہرج ومرج کی منصوبہ بندی کی ہے۔
سحرنیوز/ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ آج جمعے کو عراقی حکام سے تبادلہ خیال اور ایران، عراق اور شام کے سہ فریقی اجلاس میں شرکت کے لئے ایک وفد لے کر بغداد پہنچے۔
انھوں نے بغداد میں اپنے عراقی ہم منصب فواد حسین سے ملاقات اور علاقے کے حالات پر تبادلہ خیال کیا۔
سیدعباس عراقچی نے اس ملاقات میں باہمی روابط نیز علاقائی بالخصوص شام کے حالات پر گفتگو کی۔
انھوں نے کہا کہ شام کے شہروں پر دہشت گردوں نے اپنے بیرونی حامیوں کی مدد سے یلغار کی ہے ۔
انھوں نے اس گفتگو میں بدامنی اور دہشت گردی پھیلنے کی روک تھام کے لئے علاقائی ملکوں کی ہم آہنگی اور تبادلہ خیال کی اہمیت پر زور دیا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ شام میں بدامنی اور بے ثباتی علاقے کے سبھی ملکوں کے لئے خطرہ ہے کیونکہ تکفیری دہشت گرد گروہوں نے امریکا اور صیہونی حکومت کی پشت پناہی سے علاقے میں طویل عرصے تک تشدد، دہشت گردی اور ہرج و مرج کا بازار گرم رکھنے کی منصوبہ بندی کی ہے۔
انھوں نے کہا کہ عراق کے عوام اور حکومت نے داعشی دہشت گردی کے خلاف موثرجدوجہد کا تجربہ کیا ہے اور ان کے لئے دہشت گردی کے خطرات دوسروں سے زیادہ قابل اداراک ہیں۔
عراق کے وزیر خارجہ فواد حسین نے بھی اس ملاقات میں شام کی ارضی سالمیت اور قومی اقتدار اعلی کی حمایت میں اپنے ملک کے اصولی موقف پر زور دیا اور کہا ہے عراق کی حکومت اور عوام دہشت گردی کے خطرے کو بہت اچھی طرح محسوس کرتے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ عراق کی حکومت نے تکفیری دہشت گردی کے خلاف مہم کے حوالے سے علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر سفارتکاری کا آغاز کردیا ہے۔