ایران کے تجارتی لین دین میں اضافہ، مغرب پر انحصار کم کرنے کی کوشش لائی رنگ
یوریشیا اقتصادی یونین کے ساتھ ایران کے تجارتی لین دین میں اضافہ ہوا ہے۔
سحرنیوز/ایران: ارنا نیوز کے مطابق یوریشیا اقتصادی یونین ای اے ای یو نے اپنی ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ رواں برس ستمبر کے مہینے تک اس یونین کے ساتھ ایران کے تجارتی لین دین میں گزشتہ برس کی نسبت گیارہ فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق یوریشیا یونین کے رکن ممالک کے لئے ایران سے زیادہ تر سبزیاں اور خشک میوہ جات درآمد کئے گئے ہیں اور اس گیارہ فیصد اضافے میں بھی دس فیصد اضافہ ایران کی زرعی اجناس سے مخصوص رہا ہے۔ گزشتہ برسوں کے دوران ایران یوریشیا تنظیم کے رکن ممالک کے لئے اپنی نان پیٹرولیئم مصنوعات کی برآمدات میں قابل توجہ حد تک اضافہ کرنے میں کامیاب رہا ہے۔ ایران کی نان پیٹرولیئم مصنوعات کی برآمدات عالمی اقتصادی پابندیوں کے پیش نظر اہم سمجھی جاتی ہیں۔
بین الاقوامی اقتصادی مراکز کی جاری کردہ رپورٹس مغربی ممالک سے درآمدات پر انحصار کم کرنے اور نئے تجارتی تعلقات قائم کرنے میں ایران کی کامیابی کی حکایت کرتی ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ یوریشیا ایک اقتصادی یونین ہے جس میں آرمینیا، بیلاروس، روس، قزاقستان اور قرقیزستان شامل ہیں جبکہ ازبکستان، مالدووا اور کیوبا اس تنظیم میں مبصر ممالک کی حیثیت سے موجود ہیں۔ اس یونین کی داغ بیل دس سال قبل دو ہزار چودہ میں ڈالی گئی تھی۔