شام کے مستقبل کا فیصلہ شامی عوام کریں گے
ایران کے نائب وزیر خارجہ نے عشق آباد میں ایک اجلاس میں شام کی وحدت، ارضی سالمیت اور قومی اقتدار اعلی کے احترام کا مطالبہ کیا ہے۔
سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آباد ی نے کہا ہے کہ اس ملک کے مستقبل کا فیصلہ شامی عوام کو کرنا ہے۔
نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے شام کے خلاف غاصب صیہونی حکومت کی جارحیتوں اور اس کے ایک حصے پر قبضے کوصیہونی حکومت کی جارحانہ و توسیع پسندانہ طینت نیز بین الاقوامی قوانین اور اصول وضوابط کو اہمیت نہ دینے کا ثبوت بتایا۔
ایران کے نائب وزیر خارجہ نے صیہونی حکومت کی جارحیتوں کو روکنے اور جرائم پر اس کے مواخذے کے لئے عملی اقدامات کا مطالبہ کیا۔
انھوں نے اپنے خطاب میں شام کی وحدت، ارضی سالمیت اور قومی اقتدار اعلی کے احترام پر مبنی اسلامی جمہوریہ ایران کے اصولی موقف پر زور دیا۔
کاظم غریب آبادی نے اسی کے ساتھ کہا کہ شام کے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا اختیار صرف اس ملک کے عوام کو ہے اور اس کے لئے ضرورت اس بات کی ہے کہ عسکری لڑائیاں جلد سے جلد بند ہوں، دہشت گردانہ کارروائیوں کی روک تھام کی جائے اور اس ملک کے سبھی فرقوں اور طبقات کی مشارکت سے، وسیع البنیاد حکومت کے قیام کے لئے قومی مذاکرات شروع کئے جائيں۔