قاہرہ میں صدر ایران اور پاکستانی وزیر اعظم کی ملاقات + ویڈیو
صدر مملکت ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے ڈی- 8 اجلاس کے موقع پر پاکستان کے وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات اور گفتگو کی۔
سحرنیوز/ایران: ایران کے صدر نے ڈی ایٹ کے اجلاس کے موقع پر پاکستانی وزيراعظم سے ملاقات میں ایران پاکستان تعلقات کو دوستانہ و برادرانہ قرار دیا اور دونوں ملکوں کے تعلقات میں مزید استحکام و تقویت کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ ڈاکٹر پزشکیان نے دہشت گردی سے مشترکہ طور پر نمٹنے اور توانائی کے شعبے میں تعاون کو بھی اہمیت کا حامل قرار دیا۔ انہوں نے عالم اسلام میں اتحاد اور یکجہتی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دنیا کے موجودہ حساس بلکہ خطرناک حالات میں مسلم ممالک کے لیے ضروری ہے کہ مشترکہ زرمبادلہ اور منڈیوں پر غور کریں اور اقتصادی تعلقات کو فروغ دیں۔
صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اس اہم ٹارگیٹ کے حصول کے لیے تمام اسلامی ممالک بالخصوص پاکستان کے ساتھ تعاون کے لیے تیار ہے۔
پاکستان کے وزیر اعظم نے بھی اس موقع پر تہران اور اسلام آباد کے گہرے رشتوں پر زور دیتے ہوئے ڈی- 8 اجلاس کو عالم اسلام کے لیے انتہائی اہم قرار دیا۔
انہوں نے صدر پزشکیان کی جانب سے پیش کردہ مشترکہ کرنسی کے ایجاد اور اسلامی ممالک کی مارکیٹ پر توجہ کا خیرمقدم کیا۔ شہباز شریف نے غزہ، لبنان، شام اور اسی طرح اسلامی جمہوریہ ایران کے حدود پر صیہونی حکومت کی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے مشترکہ خطروں سے نمٹنے کے لیے امت اسلامیہ کے اتحاد اور تعاون میں اضافے پر زور دیا۔
اس موقع پر دونوں سربراہان مملکت نے، تعطل کے شکار مشترکہ گیس منصوبے کا بھی جائزہ لیا۔