امریکی مداخلتوں کا نتیجہ ملکوں کی تقسیم اور دہشت گردی کا پھیلاؤ
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ دوسرے ممالک میں امریکی مداخلت کا نتیجہ ان ممالک کے ٹکڑے ٹکڑے ہونے اور دہشت گردی پھیلنے کے سوا کچھ اور برآمد نہیں ہوا ہے۔
سحر نیوز/ ایران: ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے پریس بریفنگ کے دوران ایران اور کیوبا کی جانب سے دہشت گردی کی حمایت کئے جانے پر مبنی امریکہ کے الزام سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ نے مختلف امور سے متعلق جو فہرستیں تیار کر رکھی ہیں ان کے ذریعے وہ اپنی خارجہ پالیسیوں کو عملی جامہ پہناتا ہے۔ اسماعیل بقائی نے ایک امریکی عہدیدار کے اس بیان پر ، کہ شام کے مستقبل میں اسلامی جمہوریہ ایران کا کوئی کردار نہیں ہونا چاہئے ، اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ شام کے لوگ بالغ اور بابصیرت ہے اور وہ اپنے ملک کے مستقبل نیزعلاقائی اور اسلامی ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات کے بارے میں خود فیصلہ کرسکتے ہیں اور اس طرح کے بیانات سے دوسرے ممالک کے امور میں امریکی مداخلت کی نشاندہی ہوتی ہے اور اگر آپ دنیا، مغربی ایشیا اور افریقہ کے نقشے پر نظر ڈالیں تو پتہ چلے گا ان مداخلتوں کا نتیجہ ممالک کے ٹکڑے ٹکڑے ہونے اور دہشت گردی پھیلنے کے سوا کچھ اور برآمد نہیں ہوا ہے۔