ایران اور افغانستان کے تعلقات ثقافتی اور تاریخی ہیں: ایرانی وزیر خارجہ
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزيرخارجہ سید عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران اور افغانستان گہرے ثقافتی و تاریخی تعلقات کے حامل ہيں۔
سحرنیوز/ایران: ایرانی وزير خارجہ نے کابل میں افغانستان کے وزيرخارجہ سے ملاقات میں اس بات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے، کہ ایران اور افغانستان دو دوست ، برادر اور مسلمان ملک ہیں کہا کہ دونوں ہمیشہ اچھے ثقافتی و تاریخی تعلقات کے حامل رہے ہيں۔ سید عباس عراقچی نے کہا کہ ایران اور افغانستان کے تجارتی تعلقات کی سطح بہت اچھی ہے اور ہمیں امید ہے کہ دونوں ملکوں کے قومی مفادات کے تناظر میں دونوں کے تجارتی و ثقافتی تعلقات میں مزید فروغ آئے گا۔ اس ملاقات میں افغان وزیرخارجہ امیر خان متقی نے کہا کہ ایران اور افغانستان دو پڑوسی اور مسلمان ممالک ہیں اور ہمیشہ ایک دوسرے کی خوشی و غم میں شریک رہے ہيں۔ قابل ذکر ہے کہ ایرانی وزیرخارجہ سید عباس عراقچی ایک اعلی سطحی وفد کے ساتھ افغانستان کے دورے پر ہيں ۔