وزیر خارجہ کا دورہ کابل ایران اور افغانستان تعلقات میں ایک اہم موڑ ہے: ترجمان وزارت خارجہ
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ ایران اور افغانستان سمیت ہمسایہ ممالک کے درمیان مذاکرات باہمی ضروری ہیں۔
سحرنیوز/ایران: ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی کے دورہ کابل کی اہمیت کے بارے میں ارنا کے نامہ نگار کے سوال کے جواب میں کہا کہ گزشتہ تین چار سال میں یہ ایران کے وزیر خارجہ کا پہلا دورہ کابل ہے جو کہ دونوں ممالک کے لیے اہم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمسایہ ممالک کے درمیان ایک دوسرے کے تحفظات اور مفادات کو بہتر طور پر سمجھنے کے ساتھ ساتھ دو طرفہ مسائل کے حوالے سے درپیش چیلنجوں اور خدشات کا حل تلاش کرنے کے لیے بات چیت ضروری ہے اور اس حوالے سے یہ دورہ ایران افغانستان تعلقات میں ایک اہم موڑ ہے۔
اسماعیل بقائی نے کہا کہ امن و امان، علاقائی صورتحال، دہشت گردی اور داعش کا مؤثر طریقے سے مقابلہ، معیشت، اقتصادی اور تجارتی سرگرمیوں کا فروغ اس دورے کے اہم نکات تھے جن پر دونوں فریقوں کے درمیان تعاون کے حوالے سے بہت اچھی بات چیت ہوئی۔ افغانستان کے ساتھ اقتصادی میدان میں سرگرم تاجروں کا ایک گروپ بھی اس دورے میں ایرانی وزیر خارجہ کے ہمراہ موجود ہے، جنہیں افغانستان میں اقتصادی ماہرین کے ساتھ بات چیت کے ذریعے باہمی تجارتی تعاون کو فروغ دینے کا موقع فراہم کیا گیا۔