ٹرمپ سے ملاقات اور مذاکرات فی الحال ایرانی حکومت کے ایجنڈے میں شامل نہیں: ایرانی نائب صدر
Feb ۰۵, ۲۰۲۵ ۱۵:۱۰ Asia/Tehran
ایران کے نائب صدر نے کہا ہے کہ یہ تو نہیں کہا جا سکتا کہ دو افراد کے درمیان ملاقات ناممکن ہے لیکن امریکی صدر ٹرمپ کے ساتھ ملاقات اور مذاکرات فی الحال ایرانی حکومت کے ایجنڈے میں شامل نہیں ہیں۔
:سحرنیوز/ایران ایران کے نائب صدر محمد رضا عارف نے بدھ کے روز صحافیوں کے ساتھ بات چیت میں ایرانی صدر کے ساتھ مذاکرات کے بارے میں کل رات ٹرمپ کے بیانات کے حوالے سے کہا کہ تمام شعبوں بالخصوص دفاعی شعبوں میں ایران کی حکمت عملی بالکل شفاف اور واضح ہے اور یہ کہنا مناسب ہوگا کہ یہ حکمت عملی مستحکم اور دائمی ہے۔ نائب صدر نے مزید کہا کہ ہمارے پاس نیوکلئیر ہتھیاروں کے حوالے سے فتویٰ موجود ہے۔ فتویٰ مسلمانوں مخصوصاً شیعوں کے لیے حتمی حکم کا درجہ رکھتا ہے۔
عارف کا کہنا تھا کہ اگر ٹرمپ یہ سمجھتے ہیں کہ ایران کو نیوکلئیر ہتھیاروں کی دوڑ میں شامل نہیں ہونا چاہیے تو یہ ایران کی اپنی مستقل حکمت عملی ہے کیونکہ ہمارے پاس اس کی ممانعت کے حوالے سے فتویٰ موجود ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیوکلئیر سرگرمیوں اور نیوکلئیر ٹیکنالوجی کا پرامن استعمال ہماری ترجیحات میں شامل ہے جیسا کہ دیگر ہائی ٹیک شعبوں میں ہماری ریسرچ ہے۔ ہم نیوکلیئر ٹیکنالوجی سمیت تمام ہائی ٹیک سرگرمیوں کے فریم ورک کے اندر اپنی ضروریات پوری کرنے کو ترجیح دیتے ہیں۔