Mar ۱۴, ۲۰۲۵ ۱۸:۰۰ Asia/Tehran
  • نئی پابندیاں امریکی منافقت اور قانون شکنی کا واضح ثبوت

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ نئی پابندیاں امریکی منافقت اور قانون شکنی کا واضح ثبوت ہیں۔

سحرنیوز/ایران: ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے ایران کے وزیر تیل سمیت کئی ایرانی شخصیات، آئل ٹینکرز اور تجارتی کمپنیوں پر امریکی پابندیوں کی شدید مذمت کی ہے۔ اسماعیل بقائی نے کہا کہ امریکی حکام کی بار بار مذاکرات کی پیشکش کے باوجود، ایران پر نئی پابندیاں لگانا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ امریکہ کا یہ دعوی محض دھوکہ ہے۔ انھوں نے امریکہ کی جانب سے اپنے مخالفین پر پابندی کی پالیسی کو عالمی سطح پر قانونی اصولوں کی خلاف ورزی اور عالمی امن و استحکام کے لیے خطرہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کے مذموم اقدامات، ایران کی بین الاقوامی اقتصادی اور تجارتی سرگرمیوں میں رکاوٹ ڈالنے کے مترادف ہیں، جو بین الاقوامی قوانین اور آزاد تجارت کے بنیادی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایران کی وزارت تیل اور اس سے وابستہ اداروں میں کام کرنے والے محنتی افراد کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی پابندیاں ایرانی قوم کے عزم اور وقار کو متزلزل نہیں کر سکتیں اور نہ ہی ایران کی ترقی و خوشحالی کی راہ میں رکاوٹ بن سکتی ہیں۔

 

ٹیگس