Mar ۳۰, ۲۰۲۵ ۰۷:۱۰ Asia/Tehran
  • دشمن کو کہیں بھی نشانہ بنا سکتے ہیں؛ ایڈمرل تنگسیری

سپاہ پاسداران کی بحریہ کے سربراہ نے کہا کہ ایران کسی بھی مقام پر دشمن کی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

سحرنیوز/ایران: سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی بحریہ کے کمانڈر ریئر ایڈمرل علی رضا تنگسیری نے میزائل ذخائر پر مذاکرات کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے کسی بھی حملے کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ ایران کبھی بھی اپنے میزائل پروگرام یا دفاعی صلاحیتوں پر مذاکرات نہیں کرے گا۔ تنگسیری نے کہا کہ ایران اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ پرامن تعلقات کا خواہاں ہے۔
ہم ہمیشہ خطے کے ممالک کے ساتھ دوستی کا ہاتھ بڑھاتے ہیں۔ بحیثیت مسلمان، ہم اپنے ہمسایہ ممالک کے لیے کسی بھی قسم کا خطرہ نہیں ہیں۔ایرانی بحریہ کے سربراہ نے واضح کیا کہ ایران جنگ شروع کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا، لیکن اگر ایرانی مفادات یا عوام پر حملہ کیا گیا تو اس کا سخت جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے مزید وضاحت کی کہ آبنائے ہرمز کی بندش کا فیصلہ اعلی حکام کے اختیار میں ہے، لیکن اگر انہیں ایسا کوئی حکم ملا تو اس پر عمل درآمد ان کی ذمہ داری ہوگی۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پیغام اور دھمکیوں کے بارے میں کئے جانے سوال پر تنگسیری نے کہا کہ مجھے ٹرمپ کے پیغام کی کوئی خبر نہیں، نہ ہی میں اس کا تجزیہ کرنے کا خواہش مند ہوں۔ میں اس کی دھمکیاں سنتا ہوں، اس کے اقدامات دیکھتا ہوں، اور اس کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار رہتا ہوں۔تنگسیری نے مزید کہا کہ ایران دشمن کے کسی بھی اڈے کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے اور اگر ایران پر کسی بھی مقام سے حملہ کیا گیا تو جواب میں اسی مقام پر بھرپور حملہ کیا جائے گا۔
ہم دشمن کے تمام اڈوں کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں، چاہے وہ کہیں بھی ہوں۔ کوئی ہمیں نشانہ بنا کر بچ نہیں سکتا۔ اگر ہمیں انہیں خلیج میکسیکو تک بھی پیچھا کرنا پڑا، تو ہم کریں گے۔ ایڈمرل تنگسیری نے واضح کیا کہ ایران کسی دباؤ یا دھمکی کے آگے سر نہیں جھکائے گا۔ ہم ٹرمپ کو یہ اجازت نہیں دیں گے کہ وہ اپنی مرضی ہم پر مسلط کرے۔

ٹیگس