ریڈیو تہران اردو سرویس اور سحر اردو ٹی وی کے سابق ہردل عزیز رکن مولانا ولی الحسن رضوی کا انتقال
ریڈیو تہران اردو سرویس اور ’سحر‘ اردو ٹی وی سے جڑے معروف سینیئر صحافی، مصنف، مفسر اور مبلغ اسلام حجت الاسلام مولانا سید ولی الحسن رضوی اپنے معبود حقیقی سے جا ملے ہیں۔
سحرنیوز/ایران: موصولہ اطلاعات کے مطابق، مولانا مرحوم ولی الحسن رضوی کا شمار برصغیر کے بزرگ علماء میں ہوتا تھا۔ وہ آیت اللہ العظمیٰ سید ظفر الحسن رضوی طاب ثراہ کے فرزند تھے اور ایران کے ریڈیو تہران کی اردو سرویس سے بھی وابستہ رہے وہ اسلام نابِ محمدیؐ کے ایک سچے مبلغ اور دینی و فکری میدان کے کہنہ مشق عالم تھے۔ انہوں نے قرآن کی تفسیر، دینی علوم، ادب اور شاعری میں نمایاں خدمات انجام دیں۔ ان کی تحقیقی و علمی کاوشیں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ ان کی وفات کی خبر علمی و دینی حلقوں کے ساتھ ساتھ سحر ٹی وی اردو اور ریڈیو تہران کی اردو سرویس میں گہرے رنج و غم کا باعث بنی ہے۔

مولانا سید ولی الحسن رضوی نہ صرف عالم باعمل اور بہترین خطیب تھے بلکہ قوم و ملت کے ایک درد مند خدمت گزار بھی تھے۔ وہ اپنے شاگردوں اور عقیدت مندوں پر بے پناہ شفقت فرماتے تھے۔ ان کے انتقال سے علمی دنیا ایک بے لوث اور مخلص عالم سے محروم ہو گئی ہے۔ انقلاب اسلامی کی پیش کردہ اقدار پر بھرپور ایمان رکھنے والے یہ بے لوث خدمتگزار دو عشرے سے زائد برسوں تک نظام اسلامی کی آواز کو دنیا کے اردو معاشرے تک پہنچاتے رہے اور آخرکار وہ 31 مارچ 2025 بروز پیر کو اپنی مجاہدانہ کاوشوں اور انسانی و انقلابی اقدار سے بھرپور زندگی کا سفر طے کرنے کے بعد اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔
ریڈیو تہران کی اردو سرویس اور سحر ٹی وی اردو کے تمام عہدیدار، ذمہ دار اور کارکن بارگاہِ خداوندی میں دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوارِ معصومین علیہم السلام میں جگہ عطا فرمائے اور تمام پسماندگان کو صبرِ جمیل عنایت کرے۔