Apr ۱۰, ۲۰۲۵ ۱۷:۲۴ Asia/Tehran
  • ایران ایک خودکفیل ایٹمی طاقت ہے: محمد اسلامی

ایران کے جوہری توانائی کے ادارے کے سربراہ محمد اسلامی نے کہا ہے کہ ایران ایک خودکفیل ایٹمی قوت بن چکا ہے۔

سحرنیوز/ایران: ایران کے ایٹمی توانائی کے ادارے کے سربراہ اور صدر مملکت ڈاکٹر پزشکیان کے معاون محمد اسلامی نے کہا ہے کہ ملک کا ایٹمی پروگرام مکمل طور پر اندرون ملک تیار کردہ اور خودکفیل ہے۔ اور یہ ایٹمی صنعت کی بنیاد سے لے کر اعلی سطح تک ایرانی ماہرین کی محنت اور تحقیق کا نتیجہ ہے۔"قومی دن برائے ایٹمی ٹیکنالوجی" کی مناسبت سے محمد اسلامی نے کہا کہ 19 برس قبل ہم نے ایٹمی میدان میں قدم رکھا تھا۔ اس وقت ہم ابتدائی مرحلے میں تھے، لیکن آج ہم صنعتی سطح پر پہنچ چکے ہیں اور تیسرے ترقیاتی مرحلے میں داخل ہوچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایران کی ایٹمی ترقی کو کئی بار روکنے کی کوشش کی گئی، خاص طور پر ایٹمی توانائی کے بنیادی شعبے "یورینیم کی افزودگی" میں، جو ہمیشہ عالمی طاقتوں کی اجارہ داری میں رہا ہے۔ لیکن ایران نے مسلسل محنت، ایمان اور قومی عزم کے ساتھ یہ رکاوٹیں عبور کرلی ہیں۔

محمد اسلامی نے مزید کہا کہ افزودگی کے بعد اگلا لازمی قدم ایندھن کی تیاری ہے، اور ہم اس شعبے میں بھی کامیابی کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔ ایران ، نہ صرف تحقیقاتی ری ایکٹرز بلکہ بجلی پیدا کرنے والے ایٹمی ری ایکٹرز کے ڈیزائن اور تیاری کی صلاحیت بھی حاصل کرچکا ہے، جو اس صنعت کی مکمل خود مختاری کا ثبوت ہے۔ انہوں نے اس پیشرفت کو ایران کی جامع اسٹریٹجک دستاویز کی کامیابی سے جوڑا، جو 2022 میں شہید آیت اللہ رئیسی کی موجودگی میں متعارف کرائی گئی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ پچھلے تین سالوں میں 150 سے زائد اہم ایٹمی منصوبے مکمل ہوئے، جن میں سے 6 اہم منصوبوں کو "ایٹمی ٹیکنالوجی ڈے" کے موقع پر عوامی سطح پر متعارف کرایا گیا۔ محمد اسلامی نے مزید کہا کہ عالمی ایٹمی طاقتوں کے برعکس، ایران پر بین الاقوامی پابندیاں عائد ہیں اور کوئی ملک ایران کے ساتھ تعاون نہیں کرتا۔ اس کے باوجود ایران نے اپنی ایٹمی صنعت کو مکمل طور پر خود اپنے اوپر منحصر کر لیا ہے۔ ایران کے ایٹمی پروگرام کا تمام تر ڈھانچہ، ڈیزائن، اور آپریشن اندرون ملک تیار اور چلایا جاتا ہے، جو کہ ایران کی مکمل خودکفالت اور مستقل مزاجی کا عکاس ہے۔ ایران کی ایٹمی ترقی ایک ایسا سبق ہے جس نے دنیا کو دکھایا کہ عالمی دباؤ اور پابندیوں کے باوجود ایک قوم اپنی صلاحیتوں اور عزم سے کس طرح خود مختار بن سکتی ہے۔

 

ٹیگس