Apr ۲۲, ۲۰۲۵ ۱۱:۴۷ Asia/Tehran
  • ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر کی پوپ فرانسس کے انتقال پر تعزیت

ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کیتھولک عیسائیوں کے مذہبی پیشوا پوپ فرانسس کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

سحرنیوز/ایران: ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف کے تعزیتی پیغام میں کہا گیا ہے کہ محترم روحانی شخصیت اور کیتھولک عیسائیوں کے مذہبی رہنما، تقدس مآب پوپ فرانسس کا انتقال افسوس کا باعث ہے۔ انہوں نے لکھا ہے کہ پوپ فرانسس امن کے داعی اور توحید کو فروغ دینے والی شخصیت تھے حالیہ برسوں میں انہوں نے توحید پرستوں اور خدا پرستوں کو خاص طور یگانگی اور مہربانی کی طرف بلانے کی انتھک کوششیں کیں۔ تعزیتی پیغام میں کہا گیا ہے کہ پوپ فرانسس امن کے داعی تھے جن کے اصلاح پسند اور انسان دوست اقدامات خدا پرستی کے پھیلاؤ، مذاہب کے درمیان مکالمے، تشدد اور جنگ سے پاک دنیا اور مظلوموں کی حمایت کے لیے تھے، جس میں غاصب صیہونیوں کے ہاتھوں غزہ کے نہتے لوگوں کے قتل کی مذمت میں ان کا واضح اور کھلا موقف اور تنقید شامل تھی اور وہ غزہ کے بچوں نہتےلوگوں کے حق میں آواز بلند کرنے کی بدولت انصاف کے متلاشیوں کو ہمیشہ یاد رہیں گے۔

ایرانی پارلمینٹ کے اسپیکر نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ میں اپنی اور پارلیمنٹ کے اراکین کی جانب سے ویٹیکن کے حکام، کیتھولک چرچ کے تمام پیروکاروں اور مسیحی برادری سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتا ہوں اور اللہ تعالی سے اس عظیم اور قابل احترام شخصیت کی روح کے لیے مغفرت اور آخرت میں ابدی نجات کے لیے دعا گو ہوں۔

ٹیگس