ایران ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لئے مدد کرنے پر تیار ہے: صدر ایران
Apr ۲۷, ۲۰۲۵ ۰۸:۵۱ Asia/Tehran
ایران کےصدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے پاکستانی وزیر اعظم کے ساتھ ٹیلی فونی گفتگو کے دوران پاکستان اور ہندوستان کے درمیان کشیدگی میں کمی لانے کے سلسلے میں ہر طرح کی مدد پر آمادگی کا اظہار کیا ہے۔
سحرنیوز/ایران: صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے سنیچر کی رات پاکستان کے وزیر اعظم میاں شہباز شریف کے ساتھ ٹیلی فون پر گفتگو میں برصغیر ہند کے علاقے میں حالیہ دہشت گردانہ حوادث پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ۔
صدرایران نے اس گفتگو میں پہلگام دہشت گردانہ واقعے کے بعد ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی بڑھنے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افسوس کہ اس طرح کے دہشت گردانہ اقدامات میں نہ صرف یہ کہ بے گںاہ مارے جاتے ہیں بلکہ یہ واقعات علاقے کے ملکوں کے درمیان اختلاف و کشیدگی بڑھنے پر بھی منتج ہوتے ہیں۔
ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے اسلامی جمہوریہ ایران اور پاکستان کے دیرینہ دوستانہ روابط کو قابل تعریف بتاتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستان کو اپنا دوست اور بھائی سمجھتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے روابط ہمیشہ اچھی ہمسائگی ،ایک دوسرے کو سمجھنے، باہمی احترام اور مشترکہ مفادات پر استوار رہے ہیں۔
صدر ایران نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ہندوستان اور پاکستان کے درمیان غلط فہمیاں دور اور کشیدگی کم کرنے میں ہر قسم کی مدد کے لئے تیار ہے۔
صدر ایران نے آئندہ مہینوں میں، تہران میں ایران پاکستان اقتصادی تعاون کے مشترکہ کمیشن کے بائيسویں اجلاس کے پروگرام کی طرف اشارہ کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ایران اور پاکستان کے درمیان اقتصادی روابط کی گنجائشیں پہلے سے زیادہ فعال ہوں گی اور اقتصادی وتجارتی نیز انفرا اسٹرکچر کے شعبوں میں باہمی تعاون کی سطح میں توسیع آئے گی۔
ڈاکٹر مسعود پزشکیان نےایران و پاکستان، دونوں اسلامی ملکوں کے درمیان، سائنسی، اقتصادی اور ثقافتی تعاون کی تقویت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ ہم اقتصاد، ثقافت اور سائنس وٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون بڑھا کر اپنے عوام کے لئے پائیدار ترقی اور رفاہ کا مقصد حاصل کرسکتے ہیں ۔
انھوں نے کہا کہ اقتصادی روابط اور مشترکہ سرمایہ کاری، سائنس وٹیکنالوجی نیز دہشت گردی کے خلاف ہم آہنگ جدوجہد باہمی تعاون میں توسیع کے محور ہوسکتے ہیں۔
صدر ایران نے تہران میں پاکستان کے وزیراعظم کی میزبانی کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ یہ بات چیت علاقے میں پائیدار امن وسلامتی کی تقویت میں موثر اقدامات پر منتج ہوگی۔

پاکستان کے وزیر اعظم میاں شہباز شریف نے اس ٹیلیفونی گفتگو میں علاقے کے مسائل کے حوالے سے صدر پزشکیان کی توجہ اور ان کے ٹیلی فون کی قدردانی کرتے ہوئے، ان کی مساعی کو علاقے کے ملکوں کے ساتھ اسلامی جمہوریہ ایران کے مضبوط برادرانہ روابط کی علامت قرار دیا۔